یوم تکبیر عوام کی تاریخی کامیابی کادن ہے: پاکستان فورم

  یوم تکبیر عوام کی تاریخی کامیابی کادن ہے: پاکستان فورم

  

ملتان (سٹاف رپورٹر)یوم تکبیر صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کی فتح کا دن ہے اور یہ کسی فرد یا جماعت کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے‘ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن اپنے دفاع سے غافل نہیں ہوسکتا۔ پاکستان کی ایٹمی قوت امن اور ا پنے دفاع کے لئے ہے۔ ایٹمی دھماکوں سے خطے میں طاقت کا توازن برقرار ہوگیا۔ان خیالات کا اظہار مختلف شخصیات نے یوم تکبیر کے حوالے سے”روزنامہ پاکستان ٹیلیفونک فورم“میں کیا۔چیئرمین شعبہ فزکس بہاالدین (بقیہ نمبر33صفحہ6پر)

زکریا یونیورسٹی‘ سابق صدر فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن پنجاب چیپٹر و سابق صدر زکریا یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن(اے ایس اے) پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد نے کہا کہ یوم تکبیر تاریخی اہمیت کا حامل ہے جس دن خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کے لئے پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے کرکے بھارت سمیت ملک دشمنوں کو بتادیا کہ ہم دفاع میں غافل نہیں ہیں اور ملکی سلامتی کے لئے ہر وقت ہرطرح سے تیار ہیں‘ بھارت پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے خوف زدہ ہے‘ یوم تکبیر پاکستان کے تمام عوام کی تاریخی کامیابی کا دن ہے۔انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے کہا کہ امن بنیادی طور پر طاقت کے تواز ن سے پیدا ہوتا ہے اور جہاں طاقت کا توازن نہیں ہوگا تو وہاں امن قائم نہیں ہوسکتا‘ طاقتور اور کمزور کے درمیان کبھی معاہدہ نہیں ہوسکتا‘پاکستان بھارت کے جنگی جنون سے آگا ہ تھا‘ اس لئے ایٹمی دھماکے کرکے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا‘ یہ پورے ملک کے عوام کی تاریخی کامیابی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان محمد ریاض خان نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام امن کے لئے ہے لیکن اگر کوئی ہمارے امن کو چھیڑے گا تو ہم اس کو نہیں چھوڑیں گے۔پاکستان کے ایٹمی دھماکوں نے دشمن کو چاروں شانے چت کردیا اور اسکے مکروہ عزائم خاک میں مل گئے۔ سابق ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر و ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر‘ پرنسپل گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول دولت گیٹ محمد رمضان انجم نے کہا کہ پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے دشمن کے دانت کھٹے کر دئیے‘ بھارت ہر وقت پاکستان پر جارحیت کے لئے موقع کی تلاش میں رہتا تھا۔ پاکستان کے ایٹمی دھماکوں سے اس کے ہوش اڑ گئے اور اسے اپنی ہی بقا کی فکر پڑ گئی‘ یوم تکبیر کسی ایک جماعت یا فرد نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی کا عظیم تاریخی دن ہے۔آل پاکستان سوئی گیس کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر‘ نائب صدر آل پاکستان انجمن تاجران‘ معروف سماجی رہنما الحاج محمد ادریس بٹ نے کہا کہ یوم تکبیر ملکی تاریخ میں انتہائی اہمیت کاحامل ہے جس روز پاکستان نے ایٹمی دھماکے کرکے بھارت سمیت دشمنوں کو بتا دیا کہ ہم ناقابل تسخیر ہیں‘ یہ ملک دین اسلام کے نام پر قائم کیا گیا ہے‘ پاکستان اپنے دفاع سے کسی بھی صورت میں غافل نہیں رہ سکتا‘ پاکستان پر ہر وقت حملے کے لئے سازشیں کرنے والے بھارت کے حکمرانوں کے پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے باعث لٹک گئے۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -