خورشید قصوری،اعجاز چودھری کی ملاقات،ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

خورشید قصوری،اعجاز چودھری کی ملاقات،ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاازاحمدچوہدری کی سابق وزیر خارجہ و پی ٹی آئی رہنماء خورشید محمود قصوری، بختیار قصوری اور ندیم ہارون سے ملاقات موجودہ سیاسی اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیا ل کیا۔اس موقع پر اعجاز چوہدری اور خورشید محمود قصوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن کا 299 واں روز ہے جبکہ ابھی تک اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے مجرمانہ خاموشی اختیا ر کررکھی ہے جو کہ انتہائی افسوناک ہے،بھارت نے مظلوم کشمیریوں پر ظلم وبربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے اور ہزاروں کشمیریوں سمیت مقبوضہ وادی کی سیاسی قیادت کو بھی جیلوں میں بند کر رکھا ہے، قابض بھارتی فوج نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

، بھارت مقبوضہ کشمیر کو اقلیتی ریاست میں تبدیل کرنا چاہتا ہے، بھارت کی قابض فوج کی طرف سے کشمیریوں کی بہیمانہ قتل و غارت گری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وادی کشمیر میں بھارت کی طرف سے مسلط کردہ غیر انسانی لاک ڈاؤن اور مواصلاتی بندش کے باعث معمولات زندگی بدستور مفلوج ہیں،وادی میں نام نہاد سرچ آپریشن اور پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے اور نوجوانوں کو شہید کیا جارہا ہے، وادی میں ادویات اور خوراک کی شدید قلت برقرار ہے،سڑکیں سنسان، وادی میں دکانیں، کاروبار، تعلیمی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ بھارت تشدد سے کشمیروں کی آواز نہیں ڈبا سکتا، مودی سرکار کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبانے میں ناکام ہو چکی ہے کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکلتے ہیں اور بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہیں۔علاوہ ازیں اعجازاحمدچوہدری سے پارٹی سیکرٹریٹ میں این اے 133 کے پارٹی رہنماؤں نے ملاقات کی اور حلقے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، ملاقات کرنے والوں میں حضرات خان، سردار شبیر، مظفر منا اور رانا عبدالسمیع شامل تھے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -