مہنگے داموں پھل فروخت کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کرلیا گیا

مہنگے داموں پھل فروخت کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کرلیا گیا

  

پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک نے مہنگے داموں پھل فروخت کرنے پر 16 افراد کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مختلف اخبارات میں پھلوں کے زیادہ نرخ وصول کرنے کے حوالے سے خبر پر ایکشن لیتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی‘ سیکرٹری محکمہ خوراک نثار احمد‘ ڈائریکٹر محمد زبیر خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کی زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ، اور فوڈ انسپکٹرز محسن علی شاہ اور وحید یوسف نے جی ٹی روڈ گلبہار‘ کارپوریشن کالونی‘ دلہ زاک روڈ‘ فیصل کالونی اور اتحاد کالونی میں فوڈ پوائنٹس پر اشیائے خوردونوش کے معیار اور نرخ چیک کئے اس دوران نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 16 پھل فروشوں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کرادیئے گئے۔ سیکرٹری محکمہ خوراک نثار احمد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ پھل فروش عید کے ایام میں ڈبل نرخ پر پھلوں کی خرید و فروخت میں ملوث ہیں جن کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اشیائے خوردونوش سے وابستہ افراد معیار کو یقینی بناتے ہوئے نرخنامے سے تجاوز کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی شکایات اور میڈیا میں غلطیوں کی نشاندہی کا خیر مقدم کرتے ہیں جس پر فوری ایکشن لیا جائیگا اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی صورت گرانفروشی برداشت نہیں کی جائیگی فوڈ پوائنٹس سے وابستہ افراد اپنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر ان کی دکانوں کو سیل کر کے جیل بھیج دیا جائیگا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -