کورونا، ایک ہی روز 76ہلاکتیں، لاک ڈاؤن مزید نرم یا دوبارہ سخت کرنے کا فیصل 31مئی کو ہو گا، ریلوے کا مزید ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ، پی آئی اے کی انٹر نیشنل پروازیں بھی شروع، سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ شروع کرنے کیلئے ایس او پیز تیار

کورونا، ایک ہی روز 76ہلاکتیں، لاک ڈاؤن مزید نرم یا دوبارہ سخت کرنے کا فیصل ...

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) جمعہ کے روز ملک بھر کورونا سے ریکارڈ 76اموات ہوئیں جبکہ کورونا وبا کے 2056 نئے مریض سامنے آئے ملک بھر میں 2 ہزار سے زائد لوگ صحت یاب بھی ہوگئے جمعہ کے روزسندھ میں کورونا وائرس کے مزید 804 نئے کیسز اور ایک روز کی ریکارڈ 31 اموات سامنے آئیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3316 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 804 مثبت آئے۔ان نئے کیسز کے بعد سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد 26113 تک پہنچ گئی۔مراد علی شاہ نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 31 اموات بھی ہوئیں، اب تک کورونا سے ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ اموات ہیں۔ صوبے میں اب تک مجموعی اموات 427 تک پہنچ گئی ہیں۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 927 کیسز اور 29 اموات ریکارڈ کی گئیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین 22 ہزار 964 تک پہنچ گئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا پنجاب میں مزید 29 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے بعد اس وائرس سے اب تک ہونے والی اموات 410 ہوگئیں۔اسلام آباد جو ابتدا میں اس وائرس سے کم متاثر علاقہ تھا وہاں اب کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 85 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ 3 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔جس کے بعد وہاں اب تک متاثر ہونے والوں کی تعداد 2100 جبکہ اموات 22 ہوگئی ہیں۔محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 225 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 9067 ہوگئی۔صوبے میں وبا سے مزید 13 افراد جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں وائرس سے اموات کی تعداد 445 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں بھی کورونا مریضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا کے 7 نئے کیسز سامنے آگئے۔جس کے بعد وہاں اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 651 سے بڑھ کر 658 ہوگئی۔آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے مزید 8 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا۔اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد اس وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے میں متاثرہ افراد کی تعداد 219 سے بڑھ کر 227 ہوگئی۔ ملک میں وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وبا سے 2ہزار 74 مریض شفایاب ہوگئے۔جس کے بعد اب تک ملک میں اس وبا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار 231 سے بڑھ کر 22 ہزار 305 ہوگئی۔اس وقت سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہے اور وہاں کیسز 26 ہزار 113 ہیں، جس کے بعد پنجاب کی تعداد ہے اور وہاں 22 ہزار 964 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔خیبرپختونخوا میں اس وبا سے 9 ہزار 67 لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں بلوچستان میں یہ تعداد 3 ہزار 616 ہے۔اسلام آباد میں 2100، گلگت بلتستان میں 658 اور آزاد کشمیر میں 227 لوگوں کو یہ وبا اپنا شکار بنا چکی ہے۔

پاکستان ہلاکتیں

نیویارک /لندن/پیرس (آئی این پی) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے وار جاری‘ متاثرہ افراد کی تعداد 59 لاکھ 9 ہزار 3 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 3 لاکھ 62 ہزار 81 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 29 لاکھ 64 ہزار 971 مریض اب بھی اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 53 ہزار 972 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 25 لاکھ 81 ہزار 951 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔امریکا تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔امریکا میں کورونا وائرس سے اب تک 1 لاکھ 3 ہزار 330 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 17 لاکھ 68 ہزار 461 ہو چکی ہے۔امریکا کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں 11 لاکھ 66 ہزار 406 کورونا مریض زیرِ علاج ہیں جن میں سے 17 ہزار 202 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 لاکھ 98 ہزار 725 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل دوسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 38 ہزار 812 تک جا پہنچی ہے جبکہ یہ وائرس 26 ہزار 764 زندگیاں نگل چکا ہے۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 4 ہزار 142 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 51 ہو چکی ہے۔اسپین میں کورونا کے اب تک 2 لاکھ 84 ہزار 986 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں جب کہ اس وبا سے اموات 27 ہزار 119 ہو چکی ہیں۔برطانیہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 37 ہزار 837 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ 69 ہزار 127 ہو گئی۔اٹلی میں کورونا وائرس کی وبا سے مجموعی اموات 33 ہزار 142 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 2 لاکھ 31 ہزار 732 رپورٹ ہوئے ہیں۔فرانس میں کورونا وائرس کے باعث مجموعی ہلاکتیں 28 ہزار 662 ہوگئیں جبکہ کورونا کیسز 1 لاکھ 86 ہزار 238 ہو گئے۔جرمنی میں کورونا سے کل اموات کی تعداد 8 ہزار 570 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 1 لاکھ 82 ہزار 452 ہو گئے۔بھارت میں کورونا وائرس سے 4 ہزار 711 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار 799 ہو گئی۔ترکی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 461 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 60 ہزار 979 ہو گئے۔ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 7 ہزار 627 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 43 ہزار 849 ہو گئے۔۔سعودی عرب میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 441 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 80 ہزار 185 تک جا پہنچی ہے۔

عالمی ہلاکتیں

اسلام آباد، کراچی (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس اتوار 31 مئی کو طلب کرلیا، اجلاس میں کوروناوائرس کے خلاف اقدامات پر غور ہوگا اور فیصلہ کیا جائے گا کہملک بھر میں لاک ڈاؤن مزید نرم کیا جائے یا دوبارہ سخت کردیا جائے؟ کس شعبے کو کاروبار میں مزید رعایت دی جائے؟ایس اوپیز پر کس طرح عمل درآمد کرایا جائے31 مئی کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں تمام صوبے اپنی سفارشات وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں گے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان حتمی فیصلہ کریں گے۔اس سے قبل 7مئی کو ہونے والے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی سے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا اعلان کیا گیا تھا اور وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے 9 مئی سے مرحلہ وار لاک ڈاؤن کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے جو فیصلہ کیا وہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر کیا ہے۔ دریں اثنا پاکستان ریلوے نے کورونا وائرس کے باعث نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مزید ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے مزید ٹرینیں بحال کرنے کا اعلان وزیر ریلوے شیخ رشید کل لاہور میں کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید ٹرینیں بحال کرنے کا فیصلہ مسافروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث کیا گیا اور اس سلسلے میں شیخ رشید نے وزیراعظم سے مشاورت مکمل کرلی ہے جب کہ مزید مشاورت کیلئے کل ریلوے حکام کا اجلاس طلب کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی بحالی کا معاملہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں بھی زیربحث آیا ہے۔دوسری جانب ٹرینوں میں حفاظتی تدابیر مزید سخت کرنے کی گائیڈ لائنز پر مشاورت جب کہ آن لائن بکنگ، سیٹوں میں فاصلہ اور مسافروں کی مانیٹرنگ کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔تمام ریلوے اسٹیشنوں پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے جب کہ ٹکٹ کلکٹر، ایس ٹیز اور پولیس سمیت ریلوے عملے کے لیے ماسک اور اقدامات حفاظتی تدابیر طے ہوں گی۔جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یکم جون سے مزید 10 مسافر ٹرینیں چلا رہے ہیں جس کے بعد 142 مسافر ٹرینوں میں سے 40 ٹرینیں چلنا شروع ہو جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرینوں کو طے شدہ ایس او پیز کے تحت چلایا جائے گا، انٹرنیٹ کیذریعے بکنگ کے ساتھ ساتھ بکنگ دفاتر بھی کھلے رہیں گے، ٹرینوں کی بندش سے ریلوے کو ماہانہ 5 ارب روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔پاکستان نے کورونا وائرس کی وبائی صورتحال کے باعث بند ہونے والا بین الاقوامی فلائٹ آپریشنگزشتہ رات سے بحال کر دیا ہے۔سول ایوی ایشن ڈویڑن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کی روشنی میں پاکستان سے بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ تیس مئی سے شروع ہو رہا ہے۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام پروازیں کھولنے کی اجازت دے دی،پروازوں کو کھولنے سے متعلق فیصلہ وفاقی حکومت کی جانب سے کیا گیا،شیڈول،نان شیڈول اور چارٹرڈ فلائٹس آپریٹ ہو سکیں گی،پروازیں جمعہ کی رات بارہ بجے سے کورونا ایس او پیز کے ساتھ چلانے کا فیصلہ کیا گیا،قومی اور بین الاقوامی پروازیں گوادر اور تربت کے علاؤہ سب جگہ سے آپریٹ ہونگی۔ترجمان ایوی ایشن ڈویژن عبد الستار کھوکھر کے مطابق جہازوں کو ڈس انفیکشن لازمی قرار دیا گیاہے۔ دوسری طرف سندھ میں آن لائن ٹیکسی سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کیلئے درکار معیاری ضابطہ کار (ایس او پیز) تیار کرلیے گئے۔ سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سیمتعلق فیصلہ کل ٹاسک فورس میں ڈاکٹرزکی ہدایات کی روشنی میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی دوری کے اصول پر عملدرآمد کے ساتھ اور سینیٹائزیشن کے ساتھ ٹرانسپورٹ کھولنا چاہتے تھے۔اویس شاہ نے کہا کہ کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد ڈاکٹرز کا مشورہ ہے کہ لاک ڈاؤن برقرار رکھا جائے۔اویس شاہ نے بتایا کہ آن لائن بس اور ٹیکسی سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کے ایس او پیز تیار کرلیے گئے ہیں، ڈاکٹرز کی ہدایات کی روشنی میں اگر اجازت ملی تو فاصلہ اور احتیاط ضروری ہوگی۔

لاک ڈاؤن

مزید :

صفحہ اول -