جامعہ سندھ نے یکم جون سے آن لائن کلاسز شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں

جامعہ سندھ نے یکم جون سے آن لائن کلاسز شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لیں

  

حیدرآباد(بیورورپورٹ)جامعہ سندھ کی جانب سے یکم جون سے آن لائن کلاسز شروع کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اس سلسلے میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی زیر صدارت کوالٹی ایشورنس کمیٹی کا آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں جامعہ کے کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز، فوکل پرسنز، فیکلٹیز کے ڈینز اور تدریسی شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی اور آن لائن کلاسز کے سلسلے میں کی گئی تیاریوں کے بارے میں وائس چانسلر کو تفصیلات بتائیں، انہوں نے بتایا کہ آن لائن کلاسز کے سلسلے میں ان کی تمام تیاریاں مکمل ہیں، یکم جون سے اساتذہ آن لائن کلاسز لینا شروع کریں گے، وی سی ڈاکٹر فتح محمد برفت نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا اور ان کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ طلباء کے تعلیمی مستقبل کی بہتری کے جس مقصد کے تحت یہ آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے اس کے مثبت اور کامیاب نتائج حاصل ہونگے۔وائس چانسلر نے کہا کہ یہ بات کرتے ہوئے وہ بہت زیادہ فخر محسوس کر رہے ہیں کہ یونیورسٹی کی آئی ٹی ٹیم کی کاوشوں اور تمام فیکلٹی ممبران کے تعاون سے تمام پبلک جامعات میں جامعہ سندھ سب سے پہلے آن لائن تعلیم شروع کرنے کا کریڈٹ حاصل کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ جس جذبے سے ہم یہ سلسلہ شروع کر رہے ہیں، اس کی کامیابی کے لیے بھی اتنے ہی پرامید ہیں، اجلاس میں آن لائن کلاسز کے ٹائم ٹیبل، مانیٹرنگ سسٹم کی تشکیل، ڈبارٹمنٹ سطح پر فوکل پرسنز کی مقرری، ان کی ذمہ داریوں سمیت متعلقہ معاملات پر غور و مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ تمام شعبوں کے سربراہان یکم جون سے پہلے فوکل پرسنز کے نام تجویز کریں گے تاکہ کلاسز شروع ہونے سے پہلے ان کی تقرری عمل میں لائی جا سکے اور آئی ٹی کی ٹیم کی مدد سے ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے رہنمائی کی جا سکے، اجلاس میں کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر الطاف نظامانی نے آن لائن کلاسز کے حوالے سے آئی ٹی ٹیم کی جانب سے کی گئی تیاریوں، حکومت سندھ اور ایچ ای سی اسلام آباد کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائنز کے بارے میں آگاہی دی، اس اجلاس میں جامعہ سندھ کے رجسٹرار ڈاکٹر امیر علی ابڑو، مختلف کیمپسز کے پرو وائس چانسلرز، فوکل پرسنز پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد میمن، پروفیسر ڈاکٹر اظہر علی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر منیر الدین سومرو، پروفیسر ڈاکٹر وزیر علی بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر امام الدین کھوسو، مختلف فیکلٹیز کے ڈینز پروفیسر ڈاکٹر عبدالرسول عباسی، پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالغنی شیخ، پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ دایو، پروفیسر ڈاکٹر زرین عباسی، پروفیسر ڈاکٹر صالحہ پروین، پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھونبھاٹی، پروفیسر ڈاکٹر جاوید احمد چانڈیو، آئی ٹی سروسز سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یاسر عرفات ملکانی، اورک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ذیشان بھٹی اور تمام تدریسی شعبوں کے سربراہان نے شرکت کی اور وائس چانسلر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مزید :

صفحہ اول -