پاکستانی فوج نے ایل او سی پر ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر مار گرایا
راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزی کرنے والے ایک اور بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرایا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کا جاسوسی کواڈ کاپٹر نیکرن سیکٹر سے 700 میٹر تک پاکستانی حدود میں داخل ہوا تھا جسے پاکستانی فوج نے مار گرایا۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بھی پاک فوج نے دشمن کے ناپاک ارادوں کو ناکام بناتے ہوئے اس کا ایک جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ یہ کواڈ کاپٹر 27 مئی کو رکھ چکری سیکٹر میں مار گرایا گیا تھا۔ بھارتی جاسوس ڈرون 650 میٹر پاکستانی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ جب انڈیا نے جاسوس ڈرونوں کی مدد سے پاکستان کی جاسوس کرنے کی ناکام کوشش کی۔ رواں سال اپریل میں بھی پاک فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرنے پر بھارت کا جاسوس ڈرون مار گرایا تھا۔ اس بھارتی جاسوس ڈرون نے سنکھ سیکٹر میں ایل او سی کی خلاف ورزی کی تھی اور 600 میٹر تک پاکستان کی سرزمین کے اندر آیا تھا۔گزشتہ سال پاک فوج نے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے 3 ڈرون مار گرائے تھے۔
بھارتی کواڈ کاپٹر