راجر فیڈرر لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی مرتبہ سال میں سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ بن گئے، ان کی آمدن کتنی رہی اور دیگر کھلاڑیوں کی آمدن کیا ہے؟ جان کر ہر کوئی دنگ رہ جائے

راجر فیڈرر لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی مرتبہ سال میں سب سے زیادہ ...
راجر فیڈرر لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی مرتبہ سال میں سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ بن گئے، ان کی آمدن کتنی رہی اور دیگر کھلاڑیوں کی آمدن کیا ہے؟ جان کر ہر کوئی دنگ رہ جائے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) عالمی شہرت یافتہ سوئس ٹینس سٹار راجر فیڈرر ارجنٹائن کے مشہور فٹ بالر لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی مرتبہ سال میں سب سے زیادہ کمانے والے ایتھلیٹ بن گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ریکارڈ 20گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ جیتنے والے راجر فیڈرر 1990ءکے بعد ٹینس کے پہلے کھلاڑی ہیں جو پہلے درجے پر براجمان ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ سال وہ اس فہرست میں پانچویں نمبر پر موجود تھے لیکن چار درجے چھلانگ لگاتے ہوئے کیریئر میں پہلی مرتبہ فوربس کی فہرست میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے۔

راجر فیڈرر نے گزشتہ 12 مہینوں کے دوران کھیلوں میں شرکت کی فیس کی مد میں 10کروڑ ڈالر کمائے جبکہ دیگر معاہدوں وغیر سے 63لاکھ ڈالرز کی آمدنی ہوئی اور اس سے قبل صرف 2013ءمیں ان کی اس سے زیادہ آمدنی ہوئی تھی۔ کورونا وائرس کے سبب دنیا کی دیگر سرگرمیوں کی طرح کھیلوں کی صنعت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور ابتدائی 100 کھلاڑیوں کی آمدن کے سلسلے میں کھیلوں کی صنعت کو 2016ءکے بعد سب سے برے بحران کا سامنا ہے۔

ان ابتدائی 100 ایتھلیٹس کی مجموعی آمدن میں کل 9فیصد کمی آئی ہے جن کی گزشتہ سال مجموعی آمدن 3.6ارب ڈالر تھی جبکہ اس میں آئندہ سال مزید کمی متوقع ہے۔اس فہرست میں فیڈرر نے لیونل میسی کو مات دے کر پہلی پوزیشن حاصل کی اور ارجنٹائن کے فٹ بال سٹار اپنی آمدن میں کمی کے بعد اب تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

دوسرے نمبر پر میسی کے حریف کرسٹیانو رونالڈو ہیں جن کی مجموعی آمدن 10کروڑ 50لاکھ ڈالر رہی جبکہ میسی نے اسی عرصے میں 10 کروڑ 40لاکھ ڈالرز کمائے۔گزشتہ چار میں سے تین سال ابتدائی دونوں پوزیشن پر براجمان میسی اور رونالڈو کی 12ماہ کے عرصے میں مجموعی آمدن میں 2کروڑ 80لاکھ ڈالر کی کمی آئی ہے۔

اس فرہست میں برازیلین فٹ بالر نیمار چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں سال بھر میں 10 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کمائے جبکہ پانچویں نمبر پر موجود باسکٹ بال سٹار لی بورن جیمز 8کروڑ 82لاکھ کمانے میں کامیاب رہے۔ نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سٹیفن کری 7کروڑ 44 لاکھ ڈالرز اور ان کی ٹیم کے رکن کیون ڈیورنٹ 6کروڑ 39لاکھ ڈالرز کے ساتھ بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر موجود ہیں۔

مزید :

کھیل -