مہنگائی نے سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی،حاجی اکرم

مہنگائی نے سفید پوش طبقے کی زندگی اجیرن بنا دی،حاجی اکرم

  

لاہور(سٹی رپورٹر) چیئرمین ٹریڈرز ایسوسی ایشن شالیمار لنک روڈ حاجی محمد اکرم نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ہوشربا حالات سے سفید پوش اور متوسط طبقے کیلئے زندگی شدید مشکل اور دشوار ہوچکی ہے۔ حکومت آئندہ سال کے بجٹ میں میں تاجروں اور کاروباری مراکز کیلئے ریلیف دینے کا اعلان کرے۔ بجٹ میں ضروریات زندگی کی اشیا پر لاگو سرکاری ٹیکسز میں نصف کمی کا اعلان کیا جائے۔ آٹا چینی گھی دالیں اور بنیادی ضروریات زندگی میں عوام کو سبسڈی دی جائے۔ ملک کے اقتصادی  حالات اور بزنس کمیونٹی شدید ترین مہنگائی کے ہاتھوں پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ لاک ڈاون اور کاروباری پابندیوں بندشوں نے ملک کے تمام شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کرکے رکھ دیا ہے۔ بے روزگاری غربت اور معاشی بدحالی کے گراف کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت ہنگامی بنیادوں پر سخت فیصلے لیتے ہوئے تاجر طبقے کیلئے منصفانہ بنیادوں پر بجٹ میں ریلیف کا اعلان کرے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک میں معاشی ترقی کے خواب کی تکمیل کیلئے قومی معاشی حکمت عملی میں عوام الناس کے اکثریتی طبقے کاروباری سیکٹر کو خصوصی ریلیف دینے کا اعلان کریں۔ تاجروں کو ٹیکسوں میں سبسڈی دی جائے۔ انکم ٹیکس سیلز ٹیکس اور ڈیوٹیز میں واضع کمی کا اعلان کرکے تاجر کمیونٹی کے زخموں پر مرہم رکھا جائے ۔ مارکیٹوں میں موثر کاروباری سرگرمیوں سے ملک میں معاشی ترقی اور سماجی مسائل کے حل کرنے میں مدد ملے گی۔حکومت تاجر برادری کے ملک وقوم کو در پیش ہر بحران میں مخلصانہ کردار کا اعتراف کرتے ہوئے بزنس کمیونٹی کیلئے ریلیف کا اعلان کرے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -