کورونا سے مزید 73اموات،پارکس،سوئمنگ پول،واٹر پارک کھولنے کا فیصلہ

کورونا سے مزید 73اموات،پارکس،سوئمنگ پول،واٹر پارک کھولنے کا فیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،جنرل رپورٹر، نیوزایجنسیاں) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 73 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 20680 ہوگئی۔ ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 16 ہزار 239 ہوگئی۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55442 نئے ٹیسٹ کئے گئے،2482نئے کیسز رپورٹ ہوئے،خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے ایک اور لیڈی ڈاکٹر جاں بحق ہوگئی۔پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹر عالیہ مختیار کورونا کا شکار ہو کر گزشتہ دو مہینوں سے نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال پشاور میں زیر علاج تھیں۔لاہور شہر میں کورونا وائرس پھر سر اٹھانے لگا،موذی وائرس سے 19مریض جان سے چلے گئے۔محکمہ صحت کے مطابق شہر میں اموات کی کل تعداد 4069ہو چکی ہے۔ دوسری جانب پنجاب اور خیبر پختونخو امیں ہفتہ وار لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری،تاہم کہیں مارکیٹیں اور بازار بند رہے تو کہیں خلاف ورزی بھی کی گئی۔ بیشتر شہروں میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہیں۔این سی او سی نے تعلیمی سیکٹر میں تسلسل برقرار رکھنے کیلئے ملک بھر کے اساتذہ اور دیگر سٹاف کیلئے 10 جون تک ویکسی نیشن لازمی قرار دے دی ہے جبکہ پارک، سوئمنگ پول اور واٹر پارک کھولنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے، پارک سوئمنگ پول پانچ فیصد مثبت کیسز سے کم والے اضلاع میں کھولے جائیں گے،بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ شعبہ تعلیم سے وابستہ18سال سے ز ائدعمرافرادکی واک ان ویکسی نیشن ہوگی۔ علاوہ ازیں دسویں تا بارہویں جماعت کے امتحانات 23 تا 29 جولائی ہوں گے، امتحانات کے شیڈول تعلیمی بورڈ ز خود جاری کریں گے۔ امتحانات کی تیاری کیلئے صوبے 10ویں اور 12ویں کی کلاسز کا آغاز 31 مئی سے کرسکتے ہیں۔ صوبوں کو10تا12ویں جماعت کی کلاسزکے ا نعقادکی مشروط اجازت ہوگی، کلاسزکاکاانعقادکوروناایس اوپیزپرعملدرآمدسے مشروط ہوگا۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ پارک، سوئمنگ پول، واٹر پارک 30 مئی سے کھولے جائیں گے اور 50 فیصد لوگوں کو آنے کی اجازت ہوگی۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ یکم جون سے شعبہ سیاحت پر پابندیوں کا سختی سے اطلاق ہوگا، سیاحتی پابندیوں کا اطلاق کے پی، گلگت بلتستان، آزادکشمیرمیں ہوگا، بغیرکورونا ٹیسٹ رپورٹ30سال سے زائدعمرسیاحوں کی ہوٹل بکنگ نہیں ہوگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات سے آنیو الے مسافروں کے صرف مجاز  لیباریٹریز سے کرائے گئے ٹیسٹ قابل قبول ہوں گے، غیرمجاز لیبارٹریز کے ٹیسٹ والے مسافر کو بٹھانے پر ائیرلائن کو جرمانہ کیا جائے گا۔اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پاکستان پہنچنے پر مسافروں کا دوبارہ کورونا ٹیسٹ ہوگا، ٹیسٹ مثبت آنے پر متاثرہ شخص کو قرنطینہ میں بھیجا جائے گا۔  پی سی آر رپورٹ سے متعلق خلاف ورزی پر ایئرلائن کو جرمانہ ہوگا، مذکورہ فیصلہ جعلی پی سی آر رپورٹ کی روک تھام کے لیے کیا گیا۔علاوہ ازیں این سی او سی کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں پنجاب حکومت نے پانچ فیصد سے کم مثبت شرح والے اضلاع میں ایس او پیز کے تحت تفریحی پارکس کھولنے اور واٹر سپورٹس کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں منعقد اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، محکمہ صحت کے سیکرٹریز، کمشنرلاہور، اوراعلیٰ سول و عسکری حکام شریک ہوئے۔محکمہ داخلہ کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مارکیٹوں، بس اڈوں، ریسٹورنٹس اور میرج ہالز کی انسپکشنز کی جا رہی ہیں اور گزشتہ روز خلاف ورزی پر 16ریسٹورنٹس اور پانچ میرج ہالز کو سیل کیا گیا۔ 
کوروناوائرس

مزید :

صفحہ اول -