سندھ کا پانی سیاسی شخصیات اور چہیتے وڈیروں کو دیا جارہا ہے،خرم شیرزمان
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان نے کہا ہے کہ سندھ کے وزیرآبپاشی سہیل انور سیال پانی پر گمراہ کن بیانات جاری کرکے حقائق پر پردہ نہیں ڈال سکتے۔ سندھ کا پانی سیاسی شخصیات اور چہیتے وڈیروں کو دیا جارہا ہے۔ وزیر آبپاشی نے اگر پانی پر صحیح مطالعہ کیا ہوتا تو آج حالات مختلف ہوتے۔ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا مگر جھوٹ کی حد ہوتی ہے۔ دریاؤں میں پانی کی کمی سے سندھ میں 17 اور پنجاب میں 22 فیصد کمی ہے۔ قومی اسمبلی کی کمیٹی میں سندھ کی نمائندگی کیلئے نہ وزیر پہنچے نہ سیکریٹری۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ خرم شیر زمان کامزید کہنا تھا کہ سہیل انور سیال اپنے آقاؤں سے پوچھیں کہ ماضی میں کیوں ڈیمز کیوں نہیں بنائے گئے۔ سندھ کے نالائقِ اعلیٰ کو ڈیمز کی تعمیر پر یقین نہیں ہے۔ ان سے نامناسب بیانات کی توقع کی جاسکتی ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث صوبوں کو پانی کی کمی کا سامنا ہو۔ پانی کی کمی کے باوجود سندھ کو دیگر صوبوں سے زیادہ پانی دیا گیا۔ سندھ کو بلوچستان کے حصے کا پانی بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منفی پروپیگنڈہ کرنے میں پیپلز پارٹی کے وزیروں کا کوئی ثانی نہیں ہے۔ سندھ حکومت خو د کام کرنے کے بجائے دوسروں کے کام میں بھی روڑے اٹکاتی ہے۔ منفی پراپگنڈہ کر کے سندھ کے عوام کو وفاقی حکومت کے خلاف بھڑکایا جارہا ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ سندھ کارڈ کھیل کر سیاست کی ہے۔و فاق کیخلاف منگھڑت کہانیاں بنانا سندھ حکومت کا شوق ہے۔ سندھ کے ساتھ اگر زیادتی ہوئی ہوتی تو پیپلز پارٹی سے پہلے ہم کھڑے ہوتے۔