’بغیر تحقیق ملکی سلامتی کے ادارے کو کٹہرے میں کھڑا کرنا بلاجواز ،مظلوم کے ساتھ ہیں لیکن کسی کا ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے‘

’بغیر تحقیق ملکی سلامتی کے ادارے کو کٹہرے میں کھڑا کرنا بلاجواز ،مظلوم کے ...
’بغیر تحقیق ملکی سلامتی کے ادارے کو کٹہرے میں کھڑا کرنا بلاجواز ،مظلوم کے ساتھ ہیں لیکن کسی کا ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے‘

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین پر جو پاکستان کا موقف رہا اس کو تمام پاکستانیوں نے تحسین کی نگاہ سے دیکھا، فلسطین پر پاکستان کا موقف قائداعظم نے قیام پاکستان کے موقع پر ہی دے دیا تھا،پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )سمیت ہر کسی کو جلسے کرنے کا حق ہے، تین سالوں میں جو حکومت نہیں گرا سکے وہ اب بھی کوشش کر لیں،مظلوم کے ساتھ ہیں لیکن کسی کا ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے،بغیر تحقیق کے ملکی سلامتی کے ادارے کو کٹہرے میں کھڑا کرنا بلاجواز ہے۔

متحدہ علما بورڈ پنجاب کےاجلاس کےبعدمیڈیاسےگفتگو کرتےہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ آج اسرائیل صرف پاکستان پر چیخ رہا ہے،پاکستان فلسطین کے ساتھ تب تک کھڑا ہے جب تک آزاد فلسطینی ریاست کی بنیاد نہیں رکھ دی جاتی اور القدس شریف کو اس کا دارالحکومت نہیں بنا دیا جاتا۔انہوں نے کہا کہ فوج اگردہشت گردی کے خلاف جنگ نہ لڑتی تو حالات مصر اور شام جیسے ہوتے ،آج بھی فوج دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہے، جو لوگ آج آواز اٹھا رہے ہیں ان کی جانوں کو سیکیورٹی ایجنسیوں نے محفوظ بنایا ،اسد طور پر حملہ کرنے والوں کو پکڑنا چاہیے ،مظلوم کے ساتھ ہیں لیکن کسی کا ایجنڈا نہیں چلنے دیں گے، بغیر تحقیق کے ملک کی سلامتی کے ادارے کو کٹہرے میں کھڑا کرنا بلاجواز ہے،اسلام آباد میں جو آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں وہی آواز اسرائیل اٹھا رہا ہے۔

علامہ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیر داخلہ کویت گئے ہیں، عراق میں تمام بلاد اسلامیہ پاکستان کے لیے کھل گئے ہیں ، مصر، شام ،کویت اور دیگر ممالک کے سربراہان نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نےکسی کو بھی خطبات لکھنےکانہیں کہا،صدر پاکستان نے اسلامی نظریاتی کونسل کے حوالے سے صرف تجویز دی کہ عوامی مسائل پر بات کی جائے کسی پر کوئی پابندی نہیں لگائی جا رہی، وقف املاک ایکٹ پر تمام لوگوں کے تحفظات ہیں جن پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی ہے ، جلد تمام معاملات خوش اسلوبی سے حل کر لیے جائیں گے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہاکہ پاکستان ماحولیات کے اعتبار سے دنیا بھر کی میزبانی کر رہا ہے، حکومت کے بلین ٹری ویژن کو پورا کرنے کے لیے علما وخطبا لوگوں کو درخت لگانے کی ترغیب دیں۔

مزید :

قومی -