حج کی تیاریاں اور پاکستانی حکومت ،وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے ساری تفصیلات کھول کے رکھ دیں

حج کی تیاریاں اور پاکستانی حکومت ،وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے ...
حج کی تیاریاں اور پاکستانی حکومت ،وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری نے ساری تفصیلات کھول کے رکھ دیں

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیرمذہبی اموروبین المذاہب ہم آہنگی پیر نورالحق قادری نے کہاہے کہ ہم پاکستانی عازمین کوحج کی اجازت ملنے کے حوالے سے سعود ی عرب کے فیصلے کے انتظارمیں ہیں ، اگراچانک اجازت مل جاتی ہے توہم محدود انتظامات کرلیں گے ،بڑے انتظامات مشکل ہونگے ، نہیں لگتاکہ اس مرتبہ بڑے پیمانے پر حج ہوپائے ، یہ محدود ہوگا ، ابھی تک سعود ی عرب نے عازمین کی ممکنہ تعداد، کورونا ایس اوپیز اور اخراجا ت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ، حج اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے، کوشاں ہے کہ سعودی عرب پاکستان میں استعمال ہونے والی چینی ویکسین کی منظوری دے دے، قوی امید ہے کہ حج کا باضابطہ اعلان ہوتا ہے تو تب تک ویکسین کی منظوری کا مسئلہ بھی حل ہو چکا ہوگا، کالعدم تحریک لبیک کو اپنا ایجنڈا مثبت اندازمیں آگے بڑھا نا چاہئے ، حکومت بھی اتنی بڑی مذہبی جماعت کو دیوارسے لگانے کی متحمل نہیں ہوسکتی ۔

 امریکی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے اپنے انٹرویو میں پیر نورالحق قادری نے کہاکہ ہم انتظار میں ہیں کہ سعودی حکومت کی طرف سے کوئی پیغام آجاتا ہے اور اگر وہ ایس او پیز متعین کرتے ہیں تو ہم اس سلسلے میں ذہنی طور پر حاضر ہیں لیکن لگتا یوں ہے کہ چونکہ حج سے بہت ہی کم عرصہ رہ گیا ہے، اس لئے سعودی عرب کو بڑے پیمانے پر حج انتظامات کرنے میں مشکلا ت کا سامنا ہو گا ۔

نور الحق قادری نے کہا کہ سعودی عرب نے واضح نہیں بتایا کہ اگر وہ عازمین حج کو اجازت دیتا ہے تو ان کی تعداد کیا ہو گی اور ان کےایس او پیز کیا ہونگے ؟ تاہم مجھے محسوس ہوتا ہے کہ اس مرتبہ بڑے پیمانے پر حج نہیں ہو سکے گا بلکہ سعودی عرب میں سے اور کچھ بیرون ممالک سے عازمین کو محدود پیمانے پر بلا کر حج کرانا ممکن ہو سکتا ہے،اگر سعودی عرب اچانک پاکستانی عازمین کو حج کی اجازت دے دیتا ہے تو لاکھوں کی تعداد کی صورت میں ہمارے لئے انتظامات مشکل ہونگے تاہم پانچ سے 15 ہزار تک کی اجازت ملتی ہے تو ہم فوری انتظامات کر لیں گے،ائیر لائنز کی بکنگ کا کام کافی مشکل ہوتا ہے ۔ وزیر مذہبی امور نے کہا کہ اگر سعودی عرب سے اجازت ملتی ہے تو ہمارے لئے نئے اور پرانے عازمین سے انتخاب کرنا مشکل ہوجائے گا ،اس کے علاوہ سعودی عرب اگر ہمیں ایس او پیز ، تعداد اور اخراجات کے بارے میں نہیں بتاتا تو تب تک ہم کچھ نہیں کہہ سکتے ۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ حج اخراجات میں اضافہ ہو سکتا ہے ،ہمارا دفتر خارجہ، وزارت صحت، ڈائریکٹر جنرل حج جدہ میں اس بات کےلئےکوشاں ہیں کہ سعودی عرب پاکستان میں استعمال ہونےوالی چینی ویکسین کی منظوری دے دے ،ڈبلیو ایچ او نے چینی ویکسین سائنوفارم کو موثر قرار دے کر اس کی منظوری دیدی ہے، ہم نے سعودی عرب کو آگاہ کردیا ہے تاہم مجھے قوی امید ہے کہ حج کا باضابطہ اعلان ہوتا ہے تو تب تک ویکسین کی منظوری کا مسئلہ بھی حل ہو چکا ہوگا اور توقع ہے کہ حج کی اجازت کے معاملے میں ویکسین وجہ نہیں بنے گی۔

وفاقی وزیر نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ کوئی حکومت متحمل نہیں ہو سکے گی کہ اتنی بڑی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگا دے ، اسی طرح کالعدم  تحریک لبیک کو چاہیے کہ وہ اپنے مذہبی ایجنڈے کو مثبت طریقے سے آگے لائے اور سابقہ طرز عمل کا جس طرح مظاہرہ کیا گیا اس سے اجتناب کیا جائے ۔

مزید :

قومی -