ہیلتھ کیئر سسٹم پنجاب ترکی معاہدے خوش آئند
ترک صدر طیب اردوان پاکستان آئے تو انہوں نے اسلام آباد کے بعد پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا دورہ کیا تھا۔ پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب شاہی قلعہ لاہور میں ہوئی ترکی کے صدر رجب طیب اردگان وزیراعظم محمد نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ترک وفود کے ارکان اور پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ معاہدے پر پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی بابر گرگن اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری صحت نجم شاہ نے دستخط کئے معاہدے کی رو سے ترکی وزارت صحت پنجاب کے شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی ترکی وزارت صحت پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے قیام کیلئے تکنیکی اور دیگر ضروری معاونت دے گی۔
ترکی کی وزارت صحت ڈرگ ٹیسٹنگ لیب ملتان کی تنظیم نو میں بھی تعاون کرے گی ادویات کی سپلائی کے نظام کو از سر نو تشکیل دینے میں ترکی کی وزارت صحت پنجاب حکومت کی شراکت دار ہوگی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کیلئے کمانڈ کنٹرول اور مانیٹرنگ سنٹر کی ڈیزائننگ اور پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی ترک وزارت صحت تعاون کرے گی۔ معاہدے کی رو سے نرسوں کو ترکی سے تربیت دلوائی جائے گی ترک وزارت صحت پنجاب میں پبلک ہاسپٹل ایجنسی کے قیام میں بھی مدد کرے گی۔ پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوشن اور ترکی کی یونیورسٹی مالٹایہ کے مابین اشتراک کار بھی ہوگا وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہم ہماری اؤلین ترجیح ہے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں ترکی کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ رجب طیب اردگان کی آمد پر لاہور ائر پورٹ سے شاہی قلعہ تک شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔ ترکی کے صدر کی بڑی بڑی تصاویر ترکی اور پاکستان کے پرچم بھی لگائے گئے تھے۔ اردگان اسلام آباد سے لاہور پہنچے تو ائر پورٹ پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ نے طیب اردگان سے کہا آپ پاکستان کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور آپ کا پرتپاک استقبال اس کا مظہر ہے ۔ آپ کی شخصیت پاکستان کیلئے رول ماڈل ہے بعد ازاں وزیراعلیٰ معزز مہمانوں کے ہمراہ حضوری باغ روانہ ہو گئے جہاں وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے ترک صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا اہلیان لاہور نے طیب اردگان کے قافلے پر پھول نچھاور کئے۔ عشائیہ کی تقریب اس لحاظ سے منفرد تقریب تھی کہ اس میں پنجاب سندھ بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی جبکہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی عشائیہ میں شریک ہوئے۔ یہ تقریب قومی یکجہتی کا مظہر تھی رنگا رنگ تقریب میں ترک صدر نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔لاہور کے شاہی قلعہ میں ترک صدر رجب طیب اردگان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ ترک مہمان کی تواضع پنجابی کھانوں سے کی گئی۔ عشائیہ میں لوک فنکاروں نے مولانا رومی اور علامہ اقبال کی نظمیں سنائیں۔ کھانوں میں لاہوری فرائیڈ فش، مٹن سیخ کباب، ڈولما، مٹن چانپ، مغلائی قورمہ، مٹن ہریسہ شامل تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ترکی کی وزارت صحت کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وزارت صحت کے وفد سے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کیساتھ طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں ہیلتھ کےئرسسٹم کو تیزی سے بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ معاہدے پر عملدر آمد کے لئے کورگروپ تشکیل دے دئیے گئے ہیں اورانہیں ذمہ داریاں بھی تفویض کردی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ترک وزارت صحت کے اعلی سطح کے وفد کی ملاقات کے دوران وفد کے سربراہ ڈاکٹرسلامی کلک نے شہبازشریف کی عوامی خدمت کے ویژن اورشعبہ صحت کی بہتری کے لئے اقدامات کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف پاکستان اورعوام کے لئے ایک عظیم رہنماء کا کردارادا کررہے ہیں اور ترکی کی قیادت اورعوام انہیں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ شہبازشریف نے ترکی کی ہر موقع پر زبردست حمایت کی ہے اوران کی ترکی سے محبت اورسپورٹ پر ترکی کا ہر فرد ان کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اورحکومت پاکستان کی اخلاقی حمایت پر ترکی کا ہر باشندہ شکرگزار ہے۔