پیپلز  پارٹی کا 52واں یوم تاسیس آج،مظفر آباد میں مرکزی تقریب کی تیاریاں مکمل

پیپلز  پارٹی کا 52واں یوم تاسیس آج،مظفر آباد میں مرکزی تقریب کی تیاریاں مکمل

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مظفرآباد(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کا52 یوم تاسیس(آج) منایا جائیگا پاکستان پیپلزپارٹی کے عہداروں اور کارکنوں کی طرف سے یوم تاسیس کے موقع پرمختلف قسم کی تقریب کا اہتمام کیاجائیگا-تحریک آزاد کشمیر کے بیس کیمپ دارالحکومت مظفرآباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کا 52 واں یوم تاسیس کرفیو،لاک ڈاؤن کے 118 ایام کے بعدمظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور تقسیم کشمیر کی پالیسیوں کو ناکام بنانے کے عزم سے آج بروز ہفتہ منایا جارہا ہے، یونیورسٹی کالج گراؤنڈ میں کشمیریوں کے عظیم الشان جلسہ عام سے پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے قائد انقلاب محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے فرزند چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تاریخ ساز خطاب کریں گے، جلسہ گاہ کی جانب جانے والی تمام شاہراؤں گلی محلوں قصبوں،دیہاتوں اور شہروں کو خیرمقدمی بینرز سائن بورڈ پر لگائے گئے پینا فلیکسز سے سجا دیا گیا ہے، گراؤنڈ میں کرسیاں لگا کر 120 فٹ لمبا 80 فٹ چوڑا، 11 فٹ اونچا سٹیج تیار کر کے 2 سو سے زائد افراد بیٹھنے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ تین سو افراد کی خصوصی گیلری خواتین اور میڈیا کے لئے الگ الگ انکلوژربنائے گئے ہیں چاروں صوبوں گلگت بلتستان، بیرون ملک ممالک سے مندوبین مظفرآباد پہنچ گئے،ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری ریکار ڈ و سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے یوم تاسیس کے انتظامات و تیاریوں کے سلسلہ میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا جن میں ممبران قومی صوبائی اسمبلیاں، سینٹ، سابق وفاقی وزراء، پارٹی اور ذیلی تنظیموں کے عہدیداران کارکنان شامل ہیں پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر اور ان کی ٹیم نے شبانہ روز کاوشوں سے کامیاب ترین حکمت عملی ترتیب دے کر گراس روٹ لیول تک عوام رابطہ مہم چلا کر جلسہ عام کو یادگار بنانے کا ماحول پیدا کر نے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے جبکہ سابق سینئر مشیر چوہدری محمد ریاض انتظام و انصرام کی دیکھ بھال سمیت جملہ امور میں بہتری لانے کے لئے سیکورٹی احکام کے ذمہ داران سمیت مظفرآباد میں 3 ایام سے قیام پذیر ہیں جبکہ مظفرآباد کے سات حلقوں سے سابق وزراء ٹکٹ ہولڈرز پارٹی اور اس کی تنظیموں کی نگرانی میں ہزاروں افراد جلسہ گاہ میں شرکت کرینگے، اور فخر پاکستان چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت جملہ معزز مہمانان گرامی کا شایان شان استقبال کرینگے، شوکت جاوید میر نے کہا کہ جلسہ عام کا آغاز 12 کے بعد اللہ کے نام اور نعت رسول مقبولؐ سے شروع کردیا جائے گااور 3 بج کر 10 منٹ پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے تاریخی خطاب میں تقسیم کشمیر اور پاکستان کو درپیش اندرون بیرون خدشات سے نمٹنے کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل کی قومی پالیسی کا اعلان کریں گے، انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا خطاب ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے لئے تازہ آکسیجن، کرفیو میں قیامت صغریٰ جیسی زندگیاں بسر کرنے والے محکوم عوا م کے لئے عالمی بریک تھرو ثابت ہوگا۔ دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی سندھ زون کے صدر قاضی عدیل احمد فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے 52 ویں یوم تاسیس پر تاریخ میں پہلی بار آزاد کشمیر میں منانے کی بھرپور تیاریاں عروج پر ہیں،اپنے نوجوان قائد بلاول بھٹو کا شاندار استقبال کریں گے،مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بدترین بھارتی مظالم، حریت کانفرنس کے رہنماؤں کی گرفتاریوں، انسانی حقوق سنگین خلاف ورزیوں اور ریاستی دہشت گردی اورپارٹی کے بانی چیئرمین سابق وزیراعظم پاکستان قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو، مادر جمہوریت محترمہ نصرت بھٹو، مرد حر سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن ممبر سندھ اسمبلی محترمہ فریال تالپور،شہید میر مرتضیٰ بھٹو، شہید میر شاہنواز بھٹو اور شہداء جمہوریت پر مبنی  پارٹی کی تاریخی جدوجہد کی تصویری نمائش کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی تمام قیادت پارٹی،پی ایس ایف، پی وائی او، شعبہ خواتین، لائرز فورم، لیبر، ٹریڈرز، علماء مشائخ ونگز کے عہدیداران، کارکنان شرکت کریں گے۔  انہوں نے بتایا کہ یوم تاسیس کے جلسہ عام کو تاریخ ساز بنایا جائے گا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شایان شان استقبال کریں گے جہاں وہ اپنے خطاب میں ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے دوٹوک قومی پالیسی کا اعلان کریں گے۔صدر پیپلز پارٹی آذادکشمیر چودھری لطف اکبر کی قیادت میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
پی پی /یوم تاسیس

مزید :

علاقائی -