سدرن پنجاب نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ جیت لیا

سدرن پنجاب نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ جیت لیا

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)سٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کا فائنل ڈرا ہوگیا۔ پہلی اننگز میں سبقت کے باعث سدرن پنجاب کو فاتح قرار دیا گیا۔پہلی اننگز میں خسارے کا شکار خیبرپختونخوا کی ٹیم نے میچ کے آخری روز بھرپور مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ میچ کو نتیجہ خیز نہ بناسکی۔ 484 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم آخری روز کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں کے نقصان پر 379 رنز ہی بناسکی۔اس سے قبل خیبرپختونخوا کی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز سے جمعہ کے روز اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اوپنر محمد محسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ 74 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد محمد محسن نے مصدق احمد کے ہمراہ 104 رنز کی شراکت قائم کی۔ محمد محسن 123 اور مصدق احمد 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اختتامی لمحات میں مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ نے جارحانہ کھیل اپنایا تاہم وہ بھی 45 گیندوں پر 51 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے، جس کے باعث خیبرپختونخوا کی ٹیم میچ کے آخری روز ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔پہلی اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے سدرن پنجاب کے اسپنر ذوالفقار بابر نے میچ میں 8 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل سدرن پنجاب کے 369 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ سدرن پنجاب کی ٹیم دوسری اننگز میں 333 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی