خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون ٹیم کے کپتان مہران ابراہیم کو تنبیہ جاری 

خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون ٹیم کے کپتان مہران ابراہیم کو تنبیہ جاری 

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے فائنل میں خیبرپختونخوا  کے کپتان مہران ابراہیم کو تنبیہ جاری کردی گئی  ہے۔  مہران ابراہیم کو میچ میں گیند کی حالت بدلنے سے متعلق  پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا۔ گیند کی حالت تبدیل کرنے والے کھلاڑی کی شناخت نہ ہوپانے کے باعث مہران ابراہیم کو نان آئیڈینٹی فکیشن کی بناء  پر  بطور کپتان چارج کیا گیا۔اسٹیٹ بنک  اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے فائنل کے دوران سدرن پنجاب کی پہلی اننگز کے 61ویں اوورمیں آن فیلڈ امپائرز نے گیند کا معائنہ کیا تو اس میں تبدیلی دیکھی گئی۔ اس بناء پر آن فیلڈ امپائرز شوزب رضا اور راشد ریاض نے مہران ابراہیم کو پی سی بی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔

میچ ریفری محمد جاوید نے ابتدائی سماعت کے  بعد کھلاڑی کی شناخت نہ ہوپانے کے باعث خیبرپختونخوا سیکنڈ الیون ٹیم کے کپتان مہران ابراہیم  کو تنبیہ جاری کرتے ہوئے  انہیں نوٹس آف چارج تھما دیا۔

مہران ابراہیم نے نان آئیڈینٹی فکیشن قانون کی بناء  پر بطور کپتان جرم کا اعتراف کرلیا۔ جس کے باعث معاملے پر مزید سماعت نہیں کی گئی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی