دسویں فیفا بیچ سوکر ورلڈ کپ کے سیمی فائنلزآج کھیلے جائیں گے

دسویں فیفا بیچ سوکر ورلڈ کپ کے سیمی فائنلزآج کھیلے جائیں گے

  



آسنسیون (اے پی پی) دسویں بیچ سوکر ورلڈ کپ 2019ء کے سیمی فائنلز (آج) ہفتہ کو کھیلے جائیں گے۔ اٹلی، روس، جاپان اور پرتگال کی ٹیمیں میگا ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔ پیراگوئے میں فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام بیچ سوکر ورلڈ کپ جاری ہے جو اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔ میگا ایونٹ میں شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز (آج) ہفتہ کو کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ اٹلی اور روس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا سیمی فائنل میچ جاپان اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزما تھیں۔ جنہیں چار مختلف گروپوں میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے میں پیراگوئے، جاپان، سوئٹزرلینڈ اور امریکا گروپ بی میں یوروگوائے، میکسیکو، اٹلی اور ہیٹی گروپ سی میں بیلاروس، یو اے ای،سینیگال اور روس جبکہ گروپ ڈی میں برازیل، اومان، پرتگال اور نائیجیریا شامل تھیں۔

برازیل کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی ہے اور وہ کوارٹر فائنل مرحلے میں روس کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔ ٹورنامنٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل یکم دسمبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی