بیوروکریسی میں تبدیلیاں عوامی مفاد کیلئے کی جارہی ہیں،ندیم قریشی

بیوروکریسی میں تبدیلیاں عوامی مفاد کیلئے کی جارہی ہیں،ندیم قریشی

  



لاہور(سٹی رپورٹر)پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ممبر کشمیر کمیٹی پنجاب،تحریک انصاف کے رہنما محمد ندیم قریشی نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ بیوروکریسی میں حالیہ تبدیلیاں عوامی مفاد کے تحت کی جا رہی ہیں۔تحریک انصاف کی حکومت ہر حال میں تبدیلی لا کر دم لے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار عوامی فلاح و بہبود کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ حکومت کی طرف سے جتنے بھی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں وہ دوررس نتائج کے حامل ہیں جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔

پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا تبدیلی وڑن حقیقت کا روپ دھارنے کے قریب ہے۔محمد ندیم قریشی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن حواس باختہ ہوچکی ہے اور اپوزیشن کا ایجنڈا صرف ملک میں انتشار کی فضا پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن منفی سیاست کی بجائے ملک کی تعمیروترقی میں کردار ادا کرے۔پارلیمانی سیکرٹری محمد ندیم قریشی نے کہا کہ حکومتی بروقت اقدامات سے مہنگائی پر قابو پایا جا رہا ہے،عوام کو بہت جلد مہنگائی سے چھٹکارہ ملے گا،محمد ندیم قریشی نے کہا  کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کو قانون کے شکنجے میں لایا جا رہا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1