لیسکو میں مختلف نشستوں کے تحریری امتحان کیلئے 261امتحانی مراکز قائم

لیسکو میں مختلف نشستوں کے تحریری امتحان کیلئے 261امتحانی مراکز قائم

  



  لاہور(سٹی رپورٹر)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)میں مختلف نشستوں کے لئے تحریری امتحانات کل بروز جمعہ 29نومبر تا یکم دسمبر تک منعقد کئے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے لیسکو کی جانب سے ٹیسٹنگ ایجنسی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جس دوران  پورے ملک میں 261 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں۔صرف لاہورمیں 35،  جبکہ اوکاڑہ، قصور، ننکانہ، شیخوپورہ، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ پشاور، ملتان حیدرآباد اور کراچی میں بھی متعدد امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ٹیسٹنگ ایجنسی کی جانب سے ایس ڈی اوز، اسسٹنٹ منیجر سول، لائن سپرنٹنڈنٹ، اسسٹنٹ لائن مین، بل ڈسٹری بیوٹر اور ریوینیو آفیسر کی اسامیوں کے لئے تحریری امتحانات لئے جا رہے ہیں۔اس حوالے سے لیسکو نے ان مراکز میں امتحانات کے عمل کو شفاف بنانے کے لئے فوکل پرسنز بھی تعینات کر دئیے ہیں جو مانیٹرنگ کا عمل سر انجام دیں گے۔لیسکو نوجوان انجینئرز اور دیگر امتحانات دینے والے امیدواران کے ملازمت کے حصول کے عمل کوآسان تر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔اس حوالے سے لیسکو نے حال ہی میں دو تقسیم کار کمپنیوں کے ٹیسٹ اور انٹرویو کی تاریخوں کے تنازعے کے سامنے آنے پر اس مسئلے کو احسن اندازمیں حل کیا۔لیسکو کے پی ایم ڈی یو سیل کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں ایک امید وار کی جانب سے بتایا گیا کہ لیسکو اور آئیسکو میں ایس ڈی اوز کی آسامی کے لئے اعلان کئے گئے ٹیسٹ اور انٹر ویو کی تاریخیں آپس میں متصادم ہیں لیسکو میں جس تاریخ کو ایس ڈی اوز کا ٹیسٹ لیا جائے گا اسی دن آئیسکو میں ایس ڈی اوز کے انٹرویو کئے جائیں گے جس بناء  پر یہ ممکن نہیں کہ امیدواران لاہور میں ٹیسٹ دیں اور اسی دن آئیسکو میں انٹر ویو بھی دیں۔اس مسئلے کو لیسکو انتطامیہ نے آئیسکو اور ٹیسٹنگ ایجنسی کی انتظامیہ کے سامنے رکھا۔جس پر تفصیلاً غور و خوض کے بعد چالیس امیدواران کے اس مشترکہ مسئلے کو احسن طریقے سے حل کرتے ہوئے آئیسکو میں انٹرویوز کو ری شیڈیول کر دیا گیاجبکہ لیسکو میں تحریری ٹیسٹ اعلان کردہ تاریخ پر ہی لیا جائے گا۔وزیراعظم پاکستان کے سٹیزن پورٹل، لیسکو اور آئیسکو کی انتظامیہ کے فوری اور بروقت اقدام کے باعث نوجوان انجینئرز کی اس مسئلے کو فوری طور پر حل کر لیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1