گندم اور گنے کی امدادی قیمت میں اضافہ کر کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کیا:عثمان بزدار

گندم اور گنے کی امدادی قیمت میں اضافہ کر کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے گنے اور گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کر کے کاشتکار کے حقوق کا تحفظ کیا جبکہ پچھلی حکومت نے اپنے دور میں گنے اور گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ نہ کر کے کاشتکاروں کااستحصال کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کسان دوست ہے اور کئی برس بعد ہمارے دور میں گندم اور گنے کی امدادی قیمت میں اضافہ کیا گیاہے۔گندم اور گنے کی امدادی قیمت میں اضافے سے کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ ملے گا۔ کاشتکار خوشحا ل ہوگا توپنجاب خوشحال ہوگا۔حکومت کاشتکارو ں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گی اور کسی کو کسان کی حق تلفی نہیں کرنے دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ کسان میرے بھائی ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ میری ذمہ داری ہے آئندہ بھی کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔وزیراعلیٰ پنجاب سے نئے چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے ملاقات کی،جس میں صوبے کے انتظامی امور،گڈ گورننس، شفافیت اور کفایت شعاری کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پربات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے ہر سطح پر شفافیت، گڈگورننس اور کرپشن فری کلچر کو فروغ دینے کی پالیسی اپنائی ہے اور عوام کی فلاح و بہبود اور فلاح عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل پنجاب حکومت کی ترجیحات ہیں۔ ہمارا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت اورصوبے میں میرٹ کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ انتظامیہ غیر جانبدار رہ کر فرائض سر انجام دے،میری تمام تر سپورٹ ان کے سا تھ ہوگی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے نئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر نے ملاقات کی،جس میں امن عامہ کی صورتحال اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری اور اولین فرض ہے۔پولیس کو امن عامہ کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مزید جانفشانی سے فرائض سرانجام دینا ہوں گے۔تھانوں میں عام آدمی کی دادرسی کیلئے پولیس کو فعال انداز میں کام کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ پولیس افسروں او راہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ پولیس کو قیام امن کیلئے عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا۔امن کے قیام اور جرائم کے سدباب کیلئے پولیس کو وسائل کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول