پنجاب میں چھوٹے کا شتکاروں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرینگے:میاں اسلم اقبال
لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ پنجاب حکومت نے کاشتکاروں کے مفادات کے پیش نظر گندم اور گنے کی امدادی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کیاہے،گندم کی نئی امدادی قیمت 1365روپے فی من جبکہ گنے کی نئی قیمت 190روپے فی من ہوگی۔گندم اور گنے کی امدادی قیمتوں میں اضافے سے کسانوں کو 40ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے صوبائی وزیر زراعت نعمان اختر لنگڑیال اور صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہاکہ گزشتہ پانچ سال کے دوران گنے اور گندم کی امدادی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں،موجودہ حکومت نے پیداواری لاگت بڑھنے سے کاشتکاروں کو پیش آنے والی مشکلات کے پیش نظر گنے اور گندم کی امدادی قیمت میں اضافہ کیاہے۔انہوں نے کہاکہ گنے کی امدادی قیمت میں 10روپے اضافے سے کسانوں کو 29ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوگا جبکہ ساڑھے بارہ ایکڑ سے کم رقبے کے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرضے بھی فراہم کریں گے۔صوبائی وزیر نے میڈیا کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان مشکل معاشی حالات سے نکل آیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچاہے۔سابق حکمرانوں نے قومی معیشت کا بیڑہ غرق کردیاتھا اور معیشت کی اس خراب صورتحال کے بارے میں مریم نواز نے غلطی سے یہ سمجھ کر ٹویٹ کردیا تھا کہ شاید معاشی صورتحال کی یہ رپورٹ پی ٹی آئی کی حکومت کے بارے میں ہے۔صوبائی وزیر خوراک سمیع اللہ چوہدری نے کہاکہ پنجاب کی 85فیصد کاشتکارآبادی کے زیرملکیت رقبہ ساڑھے 12ایکڑ سے کم ہے اور حکومت چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنارہی ہے۔گنے کی کاشتکاروں کو ان کی محنت کا معاوضہ دلایاگیا ہے اورآئندہ بھی ان کے مفادات کا تحفظ کریں گے۔صوبائی وزیر زراعت نعمان اخترلنگڑیال نے کہاکہ پنجاب میں 42فیصد کاشتکار ہیں جو 58فیصد دیگر آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔کسانوں کے مفادات کا ہرقیمت پر تحفظ کریں گے۔کسان دوست پالیسیاں لا رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کاشتکاروں کو 4لاکھ 32ہزار تصدیق شدہ بیج کے تھیلے تقسیم کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں میاں اسلم اقبال کے زیر صدارت ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں پرائس کنٹرل میکانزم پر عملدرآمد،اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے اورپرائس کنٹرول میکانزم پر سو فیصد عملدرآمدکے لئے آخری حد تک جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سبزیوں،پھلوں اور روزہ مرہ استعمال کی اشیا کا آن لائن ہوم ڈلیوری کا پروگرام بنا لیا۔ عوامی فلاح کے اس پروگرام کا آغاز لاہور،گوجرانوالہ،فیصل آباد،راولپنڈی اور ملتان سے کیا جارہا ہے۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ محکمہ صنعت وتجارت نے صارفین کی سہولت کے لئے قیمت ایپ بھی بنائی ہے۔اس ایپ پر روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں اپ لوڈ کی جاتی ہیں،صارفین اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرکے فائدہ اٹھائیں۔دریں اثنائصوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے متحدہ عرب امارات کے سابق سفیر درویش المنصوری کی قیادت میں سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں نے پنجاب میں فرنیچرسازی کا یونٹ لگانے میں دلچسپی کا اظہارکیا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کی فرنیچرسازی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔
میاں اسلم اقبال