علامہ اقبالؒ کے پیغام پر عمل کر کے ہی ہم خود آگاہی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں:ایڈمرل ظفر محمود عباسی

علامہ اقبالؒ کے پیغام پر عمل کر کے ہی ہم خود آگاہی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ...

  



اسلام آباد (این این آئی)پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہاہے کہ علامہ اقبال کے پیغام پر عمل کر کے ہم خود آگاہی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔جمعہ کو ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے زیراہتمام پہلی دو روزہ قومی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق قومی کانفرنس علامہ محمد اقبال کے ایک سو بیالیسویں (142) یومِ پیدائش کے موقع پر منعقد کی گئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کا موضوع ”فلسفہ اقبال کی آفاقیت اور اس کی شخصی و سماجی افادیت“ تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بطور مہمان خصوصی کانفرنس میں شرکت اور حاضرین سے خطاب کیا۔کانفرنس کا مقصد نوجوان نسل کو فلسفہ اقبال سے روشناس کروانا اور علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران علامہ اقبال کی فلسفیانہ و عملی رہنمائی اور اسلامی ریاست میں اس کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے خطاب میں اقبال کے افکار پر روشنی ڈالتے ہوئے فلسفہ اقبال کا قرآنی تعلیمات کے ساتھ تعلق بیان کیا۔ نیول چیف نے کہاکہ علامہ اقبال کے پیغام پر عمل کر کے ہم خود آگاہی کی راہ پر گامزن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل کرنا چاہیے تا کہ ہم اقبال کے خوابوں کے مسلمان اور معاشرے کے لئے فائدہ مند شہری بن سکیں۔ یہ کانفرنس بحریہ یونیورسٹی میں قائم اقبال چیئر کے زیر اہتمام منعقد کی گئی جس کا مقصد طلباء میں اقبال کی تعلیمات کو فروغ دینا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ یونیورسٹی کے تمام کیمپس نے بھی ویب لنک کے ذریعے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ کانفرنس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور مہمان اسکالرز نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ظفر عباسی

مزید : صفحہ آخر