حکومت سمیت تمام اداروں کی ترجیح ملکی ترقی اور استحکام ہے:گورنر پنجاب

حکومت سمیت تمام اداروں کی ترجیح ملکی ترقی اور استحکام ہے:گورنر پنجاب

  



لاہور(نمائندہ خصوصی)گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ حکومت سمیت تمام اداروں کی ترجیح ملکی ترقی اور استحکام ہے،پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ ہے،بیور وکریسی عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان سے ملاقات اور ڈیفنس میں ایک تقر یب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ گور نر پنجاب نے  کہا کہ تحر یک انصاف نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور اداروں کو مضبوطی ہماری اولین تر جیح ہے، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں آ ئین و قانون کی حکمرانی کو پہلے بھی یقینی بنایا اور آ ئندہ بھی آئین وقانون کی حکمرانی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے،ملکی دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان کی قر بانیوں پر پوری قوم انہیں سلام پیش کرتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں چودھری سرور نے کہا کہ پنجاب میں انتظامی یا سیاسی تبدیلیوں کا اختیار وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی سردار عثمان بزدار کے پاس ہے، عوامی مسائل کا حل اور صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں گے، تحر یک انصاف نے عوام سے جو بھی وعدے کیے ہیں ان پر مکمل عملددرآمد کیا جائیگا۔قبل ازیں چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان سے ملاقات کے دوران گور نر پنجاب نے میجر(ر)اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری پنجاب کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ہم نے تمام اداروں کو سیاسی مداخلت سے مکمل طور پر پاک کر دیا ہے عوام کی خدمت اور بروقت داد رسی بیوروکر یسی کی اولین ترجیح ہونی چاہئے۔ بعدازاں گورنر پنجاب چودھری سرور یورپ کے سات روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ جہاں وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ جی ایس پی پلس سٹیٹس میں مزید تین سالہ توسیع کی حمایت حاصل کرنے کیلئے مختلف فورمز پر لابنگ کریں گے۔

گورنر پنجاب

مزید : صفحہ آخر