مردان، بار ہوتی میں تجاوزات کیخلاف آپر یشن، سرکاری اراضی واگزار
مردان (بیورورپورٹ)تحصیل افسر ریگولیشن حنیف خان مہمند نے نہر چوک پارہوتی میں بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کر کے سرکاری اراضی کو قابضین سے واگزار کر ایا۔آپریشن کے دوران کئی دکانوں کے تھڑے مسمار کر دیے گئے اور فٹ پاتھ پر قابض دکانداروں سے 30ہزار روپے جرمانہ وصول کر کے فٹ پاتھ خالی کرایے گئے۔آپریشن کے دوران ٹی ایم اے کے اسسٹنٹ تحصیل افسر ریگولیشن نور اللہ اور انٹی انکروچمنٹ سکواڈ کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری نے بھی حصہ لیا۔تحصیل افسر ریگولیشن حنیف خان مہمند نے کہاہے کہ عارضی تجاوزات کے خاتمے کے لئے دکانداروں کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہو گئی ہے اور اب جو بھی سرکاری املاک پر قابض ہو گا تو اسے جرمانے کے ساتھ ساتھ جیل بھی بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ دکاندار اپنی حدود سے تجاوز نہ کریں تاکہ عام لوگوں کو پیدل آنے جانے میں مشکلات نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ٹی ایم اے کی رٹ کو ہر صورت میں بحال کریں گے۔انہوں نے کہاہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رہے گا اور سرکاری املاک کو ہر صورت میں قابضین سے واگزار کرائیں گے۔