پاکستان پیپلز پارٹی اپنے نظریے پر ثابت قدم ہے،نوید بھٹی 

پاکستان پیپلز پارٹی اپنے نظریے پر ثابت قدم ہے،نوید بھٹی 

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر شہید کی وارث، پارٹی کی تنظیم اور جیالے ہیں۔  پیپلزپارٹی اس ملک کے محنت کشوں مزدوروں،ترقی پسندوں اور جمہوریت کے علمبرداروں کا سیاسی مرکز ہے اور اس کا جنم پاکستان کے محنت کشوں کی جدوجہد سے ہواجس کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی جو اس ملک کے مظلوموں کی آواز بن گئے۔جمعہ کو پارٹی کے 52ویں یوم تاسیس کے موقع پر جاری بیان نوید بھٹی نے کہا کہ پارٹی قیادت، عہدیداران اور جیالے عظیم مقصد کی خاطر محنت کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے نظریے پر ثابت قدم ہے۔ استحصالی قوتوں کی شکست تک جدوجہد جاری رہے گی، شہید بھٹو اور محترمہ شہید کا فلسفہ مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ ہم اپنا یوم تاسیس کشمیریوں کے ساتھ منارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی بنیاد کشمیر کے مسئلے کے حل پر رکھی گئی تھی اور کشمیر کے مسئلے کا واحد حل رائے شماری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سلیکٹڈ نہیں الیکٹڈ حکمرانوں کی ضرورت ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں۔اس جماعت نے مشکلات کا جرات و بہادری سے سامنا کیا اور ہمیشہ آزمائش اور مشکل حالات میں ملک و قوم کو قیادت فراہم کی۔ انشااللہ آئندہ الیکشن میں ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں ہو گی۔نوید بھٹی نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔پارٹی کارکنان اور عوام انتقامی سیاست کا جواب جمہوریت سے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام کے تسلسل کی وجہ سے آج سب سیاسی جماعتیں مستفید ہو رہی ہیں۔ اس جمہوریت کے لئے پارٹی قائدین نے اپنے تن، من اور دھن کی قربانیاں دیں۔ ہم ان کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانیں دینگے۔پارٹی کارکنان ان کی اعلی اقدار اور روایات کو آگے بڑھائیں گے۔ان کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔

مزید : صفحہ آخر