پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے مشروط ہے، محمود مولوی

  پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے مشروط ہے، محمود مولوی

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)مشیر ساحلی امور محمود مولوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے مشروط ہے، کراچی چلے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا، وفاق کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے کام کررہا ہے، سندھ حکومت بھی کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنیوالے تاجروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر ساحلی امور محمود مولوی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، پاکستان کی ترقی کراچی کی ترقی سے مشروط ہے کیونکہ کراچی چلے گا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کا جال پھیلارہی ہے۔ وفاق کی جانب سے کراچی معاشی پیکیج کے حوالے سے فنڈز جلد جاری کئے جائینگے۔ محمود مولوی نے کہا کہ سندھ حکومت اور بلدیاتی حکومت کراچی کے مسائل کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں، کراچی میں کچرے کے ساتھ سیوریج اور پینے کے پانی کی فراہمی بڑے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے فور منصوبے کی جلد تکمیل یقینی بنائے تاکہ عوام کو پینے کے صاف کی فراہمی ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے انفراسٹرکچر پر بھی کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی گزشتہ کئی سالوں سے سیاست کی نذر ہورہا ہے، ملک کی ترقی کیلئے کراچی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہونگے۔

مزید : صفحہ آخر