معزولی مشغولی سے بہتر ہے
ایک معزول شْدہ وزیر اپنے عہدہ ِ وزارت سے ہٹنے کے بعد درویشوں کے حلقے میں آ کر شامل ہوگیا۔ درویشوں کی زندگی چونکہ اپنے ہی طور طریقے کی ہوتی ہے، اس لئے معزول شدہ وزیر کو ماحول اور صحبت بے حد پسند آئی، ان فقیروں اور درویشوں میں وہ اب اور ہی طرح سے فیوض و برکات سے بہرہ یاب ہونے لگا، دراصل وزیر ایک دانا اور عقل مند شخص تھا، منتظم، بادشاہ کو جلد ہی اس کی کمی کا احساس ہونے لگا۔ بادشاہ نے چند دنوں کے بعد اس وزیر کو دوبارہ وزارت کا عہدہ ِ جلیلہ عطا کرنے کا عندیہ دیا۔ چونکہ اس حالت میں حلقہ درویشاں میں وہ بڑے سکون میں تھا اور اسے اطمینانِ قلب حاصل ہوچکا تھا۔ اس نے کہا، بادشاہ ذی وقار! میری معزولی میری مشغولی سے ہزار درجے بہتر ہے۔
مقصد
اس حکایت کا مقصد اور مدعا یہ ہے کہ ہر حکمران اور بادشاہ کے لئے ضروری ہے کہ وہ مملکت کے اہم اور کلیدی عہدے ان افراد کے سپرد کردے جو مناصب اور عہدوں کے بھوکے نہ ہوں۔