عالمی برادری وادی میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے،علی امین گنڈا پور

  عالمی برادری وادی میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے،علی امین گنڈا پور

  



اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں فلسطین طرز پر ہندو آبادیاں قائم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، عالمی دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لے۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر سے تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود نے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور آزاد کشمیر کی سیاسی و ترقیاتی صورتحال سے متعلق گفتگو کی گئی۔وفاقی وزیر نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی کرفیو اور مظالم کی مذمت کی۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ بھارتی مظالم اور کرفیو کے باعث کشمیریوں کی زندگی اجیرن بن چکی ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہزاروں کی تعداد میں کشمیری نوجوانوں کو اغواء کر کے نامعلوم مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ حق خوداردیت کی تحریک کو کچلنے کے لیے کشمیری خواتین کی عصمت دری کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ خطے میں بھارتی جارہانہ رویے سے علاقاء اور عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود نے کہاکہ کشمیری عوام بہادر اور پر عزم ہیں، کشمیری عوام آخری سانس تک اپنے حق خوداردیت کے حصول کے لیے ڈٹ کے مقابلہ کریں گے۔بیرسٹر سلطان محمود نے کہاکہ بھارتی مظالم کشمیریوں کے عزم کو شکست نہیں دے سکتے۔ وفاقی وزیر نے بیرسٹر سلطان محمود کو آزاد کشمیر کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

علی امین

مزید : صفحہ آخر