کرپش کی تحقیقات میں شامل بھارتی باؤلر نے ٹی 20 میچ کے ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں حاصل کر لیں

کرپش کی تحقیقات میں شامل بھارتی باؤلر نے ٹی 20 میچ کے ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں ...
کرپش کی تحقیقات میں شامل بھارتی باؤلر نے ٹی 20 میچ کے ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں حاصل کر لیں

  



نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پولیس کی جانب سے میچ فکسنگ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے طلب کئے جانے کے ایک روز بعد ہی بھارت کے سابق ٹیسٹ باﺅلر ابھیمانیو متھن نے ٹی 20 میچ کے ایک ہی اوور میں 5 وکٹیں حاصل کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 30 سالہ ابھیمانیو فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے میں مصروف ہیں اور کرناٹکا پریمیر لیگ (کے پی ایل) میں کرپشن اور میچ فکسنگ سکینڈل میں زیر تفتیش بھی ہیں۔ جوائنٹ کمشنر سندیپ پٹیل نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ متھن کو تحقیقات کیلئے سینٹرل کرائم برانچ نے طلب کیا تھا جس کے ایک روز بعد ہی انہوں نے اپنی ریاست کی ٹیم کرناٹکا کی نمائندگی کرتے ہوئے ہریانہ کیخلاف یہ کارنامہ سرانجام دیا۔

فاسٹ باﺅلر نے سات گیندوں پر مشتمل اوور میں ایک ہیٹ ٹرک اور دو وکٹیں حاصل کیں جس پر ان کا کہنا ہے کہ آپ اس طرح کی چیزوں کی منصوبہ بندی نہیں کرتے لیکن یہ ایک خواب سچ ہونے جیسا ہے۔ متھن نے کہا کہ میں نے آف سیزن میں بہت سخت محنت کی جس کا پھل مل رہا ہے۔

واضح رہے کہ کرناٹکا پریمیر لیگ (کے پی ایل) میں میچ فکسنگ اور سپاٹ فکسنگ کے ایسے سکینڈل سامنے آئے ہیں کہ کئی کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ فرنچائز مالکان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ رواں مہینے کے آغاز میں مذکورہ لیگ کھیلنے والے سی ایم گوتم اور ابرار قاضی کو بھی گرفتار کیا گیا جن پر سست بیٹنگ کیلئے 28 ہزار ڈالر فی کس لینے کا الزام ہے۔

مزید : کھیل