’عثمان بزدار کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ۔۔۔‘وزیراعظم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کا راز بتادیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں خاموشی سے اصلاحاتی پروگرامز پر کام کررہے ہیں لیکن ان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنے اقدامات کی تشہیر نہیں کرتے۔وزیراعظم کے بقول عثمان بزدار نے کہاہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ اپنے کاموں کی تشہیر کروں جس پر عمران خان نے کہا کہ انہیں اپنے کام کی تشہیر کرنی چاہئے۔عمران خان نے کہا عثمان بزدار جو اقدامات کررہے ہیں انہیں یقین ہے کہ اس سے پنجاب باقی صوبوں کو لیڈ کرے گا۔
لاہور میں چھوٹے کسانوں کوقرضوں کی فراہمی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سو ارب روپے احساس پروگرام کے تحت ضرورتمند لوگوں کی مدد کریں گے۔غربت کے خاتمے کیلئے ڈیٹا جمع کررہے ہیں تاکہ لوگوں کو غربت سے نکال سکیں۔نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کیلئے اسی پروگرام کے تحت اقدامات کررہے ہیں۔انہوں نے کہا مہذب معاشروں میں امیر اور غریب کا فرق نہیں ہوتا۔پاکستان میں چھوٹے قرضوں کا حصول کسانوںکیلئے ایک عذاب ہے۔پنجاب لینڈ ریکارڈ کے کمپیوٹرائزڈ نظام سے کسانوں کیلئے قرضوں کا حصول آسان ہوجائے گا وہ صرف آن لائن اپنی زمین کا ریکارڈ دکھا کر قرض حاصل کرسکے گا۔
انہوں نے کہا زرعی ترقیاتی بینک کا برا حال ہے۔عمران خان نے کہاان کی حکومت کی کوشش ہے کہ معیشت کو مستحکم کرنے کے بعد اب اس کو آگے کی جانب لے جاسکیں۔