قاتل کو پکڑنے کے لئے پولیس آفیسر دلہن بن گئی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں گزشتہ دنوں ایک خاتون پولیس آفیسر نے ایسے طریقے سے ایک خطرناک مفرور قاتل کو گرفتار کر لیا کہ آپ نے ایسا صرف بالی ووڈ کی فلموں میں ہی دیکھا ہو گا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ریاست مدھیاپردیش کے اس ڈاکو کا نام بال کشن چوبے تھا جو 15سے زائد قتل کر چکا تھا اور چھترپور شہر اور گردونواح میں لوگ اس کا نام سن کر ہی خوف سے کانپ اٹھتے تھے۔ اس کے متعلق مشہور تھا کہ وہ بولتا بعد میں ہے اور گولی پہلے مارتا ہے۔
28سالہ سب انسپکٹر مدھوی اگنی ہوتری نامی اس بہادر خاتون پولیس آفیسر نے اس خطرناک ڈاکو کو پکڑنے کا بیڑا اٹھایا اور فون پر اس کے ساتھ رابطہ کرکے اس سے محبت کا ناٹک کیا۔ تین دن تک دونوں فون پر باتیں کرتے رہیں اور مدھوی نے اسے شادی پر رضامند کر لیا۔ چوتھے روز دونوں میں طے ہوا کہ وہ ایک مندر میں ملیں گے جہاں بال کشن دولہا بن کر آئے گا اور مدھوی ، جس نے بال کشن کو اپنا نام ’رادھا‘ بتا رکھا تھا، دلہن بن کر آئے گی۔
مقررہ روز رادھا یعنی مدھوی دلہن بن کر مندر پہنچ گئی اور چند دیگر پولیس اہلکار بھی سول کپڑوں میں وہاں اس کے ساتھ تھے۔ بال کشن بھی اپنے کچھ ساتھیوں کے ہمراہ وہاں آ گیا اور پولیس اہلکاروں نے اسے دبوچ لیا۔ جب اہلکاروں نے اسے زمین پر لٹا کر قابو کر لیا تواس کی آنکھوں سے حیرت کوند رہی تھی۔ ادھر سے عروسی جوڑے میں سجی دلہن مدھوی اٹھی، بال کشن کے قریب آئی اور اسے کہا ”مل گئی رادھا؟“ واضح رہے کہ مدھوی کی حال ہی میں اس علاقے میں پوسٹنگ ہوئی تھی اور اس نے آتے ہی فیصلہ کیا تھا کہ وہ بال کشن کے خوف کا خاتمہ کرکے رہے گی۔