زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ، سندھ میں 14 سالہ لڑکی کاری قرار، پتھر مار کر سنگسار کردیا گیا، والدین نے حادثہ قرار دے کر دفنادیا
دادو (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ کے ضلع دادو میں علاقے کے با اثر افراد نے زمانہ جاہلیت کی یادیں تازہ کردیں، ایک نابالغ لڑکی کو کاروکاری قرار دے کر سنگسار کردیا گیا۔
ضلع دادو کے کیر تھر پہاڑ کے علاقے میں 14 سالہ گل سماءکو با اثر افراد نے کاروکاری قرار دیا اور اسے سنگسار کرنے کی سزا سنائی۔ علاقہ مکینوں نے جرگے کے فیصلے کے مطابق نا بالغ لڑکی کو پتھر مار مار کر انتہائی دردناک طریقے سے قتل کردیا۔
مقتولہ بچی کے والدین نے بھی اس فیصلے کے خلاف کوئی مزاحمت نہیں کی اور بچی کی موت کو حادثہ قرار دے کر اس کی تدفین کردی۔ پولیس کے نوٹس میں یہ بات آئی تو ایس پی دادو نے فوری ایکشن لیا اور بچی کی قبر پر پولیس اہلکاروں کو تعینات کردیا، کل عدالت کے حکم پر بچی کی قبر کشائی کی جائے گی۔