نجف سے کربلا اربعین واک ، پاکستانی شہری نے 80 کلومیٹر راستے پر پودے لگوانے کا اعلان کردیا، پہلی کھیپ روانہ کردی گئی

نجف سے کربلا اربعین واک ، پاکستانی شہری نے 80 کلومیٹر راستے پر پودے لگوانے کا ...
نجف سے کربلا اربعین واک ، پاکستانی شہری نے 80 کلومیٹر راستے پر پودے لگوانے کا اعلان کردیا، پہلی کھیپ روانہ کردی گئی

  



کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک ریٹائرڈ پاکستانی صنعت کار نے شیعہ زائرین کو اربعین واک کے دوران سایہ فراہم کرنے کیلئے 50 ہزار پودے عراق بھجوانے کا اعلان کردیا۔

85 سالہ محمد دربار کی جانب سے بھجوائے گئے پودے نجف اور کربلا کے درمیان 80 کلومیٹر کے راستے پر لگائے جائیں گے۔ ہر سال حضرت حسینؓ کے چہلم کے موقع پر لاکھوں لوگ نجف سے کربلا کا پیدل سفر طے کرتے ہیں، محمد دربار کے پوتے اور بہو گزشتہ برس اربعین واک پر گئے تھے جن کی تصاویر دیکھ کر ریٹائرڈ صنعت کار کو زائرین کو سایہ دینے کیلئے درخت لگوانے کا آئیڈیا آیا۔

برطانوی خبر ایجنسی رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں محمد دربار نے بتایا کہ وہ اپنے پوتے کی واپسی کے بعد عراق گئے اور حکام کے ساتھ اس پراجیکٹ کے حوالے سے بات کی، انہیں اس شرط پر اجازت دی گئی کہ پودوں کا دھیان بھی رکھنا پڑے گا۔ دربار کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابتدائی طور پر نجف میں کچھ پودے لگائے اور یہ تجربہ کامیاب رہا جس کے بعد اب اس پراجیکٹ پر باقاعدہ کام شروع کیا جائے گا۔

جمعہ کے روز 50 ہزار پودوں میں سے 9800 پودے کراچی سے بذریعہ ٹرک عراق بھیج دیے گئے ہیں جو ایران کے راستے وہاں پہنچیں گے۔8 قسم کے ان پودوں کی عمریں 8 ماہ ہیں انہیں بغداد کی ایک نرسری میں رکھا جائے گا جس کے بعد مارچ میں ساز گار موسم آنے پر انہیں پلانٹ کیا جائے گا۔محمد دربار کے مطابق نجف سے کربلا کے راستے پر پودے لگانے کا منصوبہ 3 سال میں مکمل ہوگا اور اس پر ڈھائی کروڑ روپے کا خرچہ آئے گا۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی