”میرا دل ٹوٹ گیا ہے، آپ آسٹریلیا مت آیا کریں اگر آپ کے پاس۔۔۔“ رمیز راجہ برس پڑے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز سابق کھلاڑی رمیز راجہ نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان کے پاس ایسے کھلاڑی نہیں ہیں جو میچ جتوا سکیں تو آسٹریلیا کا دورہ مت کیا کریں۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے کہا کہ ”میرا دل شکستہ ہے اور میں نے اس ٹیم کی حمایت کی۔ اگر آپ کے پاس میچ جتوانے والے کھلاڑی نہیں ہیں تو پھر آسٹریلیا مت آئیں اور سیریز کے شیڈول بدل لیں۔ این چیپل نے ٹھیک کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیساتھ مقابلہ نہیں کرتی۔ پاکستان کا ایک نام ہے جس نے ماضی میں بہت سے ایسے اعلیٰ کھلاڑی پیدا کئے جنہوں نے آسٹریلیا میں کارکردگی دکھائی۔ حتیٰ کہ آج آسٹریلین تماشائی ڈیوڈ وارنر کی ٹرپل سنچری پر خوش ہونے کے بجائے مقابلہ نہ کرنے پر پاکستانی ٹیم کو کوس رہے تھے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”برسبین میں پاکستانی بلے بازوں نے جس طرح مقابلہ کیا، مجھے امید تھی کہ وہ گلابی گیند کیخلاف آخری سیشن میں مقابلہ کریں گے۔ بابراعظم کے علاوہ کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے کوئی فٹ ورک نظر نہیں آیا اور اپنی وکٹیں تحفے میں آسٹریلین باﺅلرز کو دیدیں۔“