نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن زخمی ہوگئے، ٹرمپ نے ان کے لیے پیغام بھی جاری کردیا
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کتے کے ساتھ کھیلتے ہوئے گر کر پاﺅں فریکچر کروا بیٹھے۔ میل آن لائن کے مطابق جوبائیڈن پاﺅں فریکچر ہونے پر ’ڈیلاویئر آرتھوپیڈک گئے جہاں ڈاکٹر کیوین او کونر نے ان کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ نومنتخب صدر کا پاﺅں فریکچر ہوا ہے اور ممکنہ طور پر انہیں کئی ہفتے کے لیے ’واکنگ بوٹس‘ پہننے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جوبائیڈن کا پاﺅں فریکچر ہونے کی خبر کیلی او ڈونیل نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر دی جس پر صدر ڈونلڈٹرمپ نے بھی جوابی ٹویٹ کیا اور جوبائیڈن کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ اس واقعے سے جوبائیڈن کے سیاسی مخالفین کو ان کا تمسخر اڑانے کا ایک موقع بھی ہاتھ آ گیا ہے اور انہوں نے جوبائیڈن کا نام ہی ’سلپری جوبائیڈن‘ رکھ دیا ہے۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران طنزیہ طور پر صدر ٹرمپ کے لیے لنگڑانے کا لفظ استعمال کیا تھا۔ آج جب ان کی لنگڑا کر چلتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی تو سیاسی مخالفین نے کہنا شروع کر دیا کہ ”اب بتائیں کون لنگڑا ہے۔“