دو سلیکٹرز مل کر حکومتی بس کو دھکالگارہےہیں لیکن چل پھر بھی نہیں رہی:مریم نواز

دو سلیکٹرز مل کر حکومتی بس کو دھکالگارہےہیں لیکن چل پھر بھی نہیں رہی:مریم ...
دو سلیکٹرز مل کر حکومتی بس کو دھکالگارہےہیں لیکن چل پھر بھی نہیں رہی:مریم نواز

  

ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے حکومت کی گاڑی کا انجن فیل ہو چکا ہے،دو سلیکٹرز مل کر پوری قوت کے ساتھ عمران خان کی بس کو دھکا لگا رہے ہیں لیکن وہ چلنے کا نام نہیں رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز نے ملتان میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیاان میں اتنی ہمت ہے کہ مشرف کو ایک دن بھی جیل میں رکھ سکیں گے؟ان لوگوں نے شہید بینظیر بھٹو کے قاتل کوراتوں رات فرار کرا کے لندن پہنچا دیا۔ کیا کسی عدالت میں میں اتنی ہمت ہے کہ مشرف کو ملک واپس لا سکے۔ 

انہوں نے کہا کہ کورونا اتنا سمجھدار ہے کہ جلسوں کے باہر کھڑا ہوتا ہے اگر تو جلسہ اپوزیشن کا ہو تو اندر آجاتا ہے لیکن اگر جلسہ  پی ٹی آئی یا جماعت اسلامی کا ہو تو باہر سے ہی واپس چلا جاتا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کووڈ 19سے زیادہ خطرناک کووڈ18ہے جو کہ پاکستان کی عوام پر مسلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کووڈ 18چلا گیا تو کووڈ 19 خود بخود چلا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بزدل حکمران کورونا کے پیچھے چھپ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان کے کچھ لوٹوں کو انہوں نے پارٹی میں شامل کیا جن کا نام شوگر سکینڈل میں سامنے آیا ہے۔ وعدہ کرو ان جھوٹے حکمرانوں پر اگلی بار بھروسہ نہیں کرو گئے ، انہوں نے جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا جھوٹ بولا۔

مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ حکومت کشمیر کے الیکشن سے پہلے پہلےچلی جائے گی لیکن اگر یہ کشمیر میں ووٹ مانگنے آئے تو ان کومنہ نہ لگانا کیونکہ انہوں نے کشمیر کا سودا کیا ہے۔ ان کا مزید کہناتھا کہ حکومت کی بس کا انجن فیل ہو چکا ہے ،دو سلیکٹرز مل کر پوری قوت کے ساتھ بس کو دھکا لگار ہے ہیں لیکن بس چلنے کا نام نہیں لے رہی۔

مزید :

قومی -علاقائی -پنجاب -ملتان -