اپوزیشن کا ملتان میں پاور شو، آصفہ کی سیاست میں انٹری، مریم نواز نے حکومت کے خاتمے کا ٹائم، فضل الرحمان نے احتجاج کا اعلان کردیا

اپوزیشن کا ملتان میں پاور شو، آصفہ کی سیاست میں انٹری، مریم نواز نے حکومت کے ...
اپوزیشن کا ملتان میں پاور شو، آصفہ کی سیاست میں انٹری، مریم نواز نے حکومت کے خاتمے کا ٹائم، فضل الرحمان نے احتجاج کا اعلان کردیا
سورس: Screen Grab

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان (ڈیلی پاکستان آن لائن) پی ڈی ایم نے حکومتی رکاوٹوں کے باعث گھنٹہ گھر چوک میں ہی اسٹیج سجا لیا، اپوزیشن رہنماؤں نے گھنٹہ گھر چوک میں کارکنوں سے خطاب کیا۔

پی ڈی ایم کے جلسے سے دو سابق وزرائے اعظم کی بیٹیوں نے خطاب کیا اور اپنی اپنی پارٹیوں کی نمائندگی کی۔ آصفہ بھٹو زرداری نے ملتان جلسہ سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا۔ قاسم گیلانی جیل سے رہا ہو کر جلسہ گاہ پہنچے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، ملتان والوں کی بہادری کی قائل ہوگئی ہوں۔ اپنی بہن آصفہ بھٹو زرداری کا خیر مقدم کرتی ہوں، جب گھر پر مشکل وقت آئے تو بہنیں اور بیٹیاں باہر نکلتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر الیکشن سے پہلے گھر چلی جائے گی۔

مولانا فضل الرحمان کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ ہوگا جو حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ملتان میں پی ڈی ایم کارکنوں پر تشدد کے خلاف جمعہ اور اتوار کو احتجاج کا بھی اعلان کیا۔

اپنے پہلے سیاسی خطاب میں آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس سلیکٹر کو اب جانا ہوں گا۔ان کو لگتا ہے کہ ہم گرفتاریوں سے ڈر جائیں گے تو یہ ان کی بھول ہے ۔پاکستان کی ہر عورت جدوجہد کے لئے تیار ہے۔

بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے جلسہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملتان کے گلی کوچوں اورچوراہوں پرحکومت کی مذمت ہورہی ہے،حکومت نے میدان میں جلسے کی اجازت نہ دے کر نا سمجھی، نا اہلی اورکم ظرفی کامظاہرہ کیا۔

پی ڈی ایم جلسے سے محمود خان اچکزئی ، راشد سومرو اور میاں افتخار حسین سمیت پی ڈی ایم کی دیگر قیادت نے بھی خطاب کیا۔ جلسے کے دوران ایک ٹینٹ میں آگ لگ گئی تاہم اس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور ریسکیو ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -