کرسمس سے قبل دکانیں 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت ہوگی، برطانوی سیکرٹری ہاؤسنگ
لندن (نسیم میر) برطانوی حکومت کے سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا ہے کہ کرسمس سے قبل اور جنوری میں انگلینڈ میں دکانیں دن میں 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔ مقامی حکام اس کی اجازت دیں گے اور ان پرعائد پابندیاں کچھ وقت کے لئے ختم کردیں گے۔
ڈیلی ٹیلی گراف میں لکھے گئے ایک آرٹیکل میں برطانوی سیکرٹری ہاؤسنگ رابرٹ جینرک نے کہا کہ قوانین میں نرمی کا مقصد خریداروں اور دکانداروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ دکاندار اور مقامی کونسلیں فیصلہ کریں کہ دکانیں کتنے دن کھولنی ہیں۔ بدھ کے روز انگلینڈ کا لاک ڈاؤن ختم ہوجائے گا اور اس کے ساتھ ہی کافی سارے کاروبار کھل جائیں گے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے مہینوں پابندیوں نے ہائی اسٹریٹ کو سخت متاثر کیا ہے اور امید ہے کہ اوقات میں تبدیلی اور نرمی سے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔