پاکستان نے چٹا گانگ ٹیسٹ میں بنگلہ دیش کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
چٹا گانگ ٹیسٹ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) دورہ بنگلہ دیش پر موجود قومی ٹیم نے ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کرنے کے بعد پہلے ٹیسٹ میچ میں بھی فتح سمیٹ لی ، قومی ٹیم نے 202 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
بنگلہ دیش کی جانب سے دیے جانے والے 202 سکور کے ہدف کے تعاقب میں اوپنر عابد علی اور عبداللہ شفیق نے شاندار کھیل پیش کیا اور 151 کی پارٹنر شپ قائم کی جہاں عبداللہ شفیق 73 رنز بنا کر حسن مرزا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ ان کے کچھ ہی دیر کےبعد اوپنر عابد علی بھی 91 رنز بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔جس کے بعد اظہر علی اور کپتان بابر اعظم نے سکور کو 203 رنز تک پہنچایا ، اظہر علی نے 24 اور کپتان بابر اعظم نے 13 رنز بنائے ۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم نے 47 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو پوری ٹیم صرف 157 رنز ہی بنا پائی اور پاکستانی ٹیم کو 202 رنز کا ہدف دیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے ایک ہی اوور میں دو بنگالی بلے باز آؤٹ کر کے اپنی دھاک بٹھا دی ، شاہین آفریدی نے پانچویں اوور کی تیسری گیند پر اوپنر شادمان اسلام کو ایل بی ڈبلیو کر دیا جبکہ ایک گیند کے بعد دوسری گیند پر نجم الحسین کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی ۔ نجم کا کیچ عبداللہ شفیق نے تھاما ۔
چھٹے اوور کی آخری گیند پر حسن علی نے مومن الحق کو میدان بدر کر دیا ، مومن الحق بغیر کوئی سکور کئے پویلین لوٹے ، ان کا کیچ اظہر علی نے پکڑا ۔ گیارہویں اوور کی پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی نے سیف حسن کا کیچ خود ہی تھام لیا ۔ مشفیق الرحیم بنگلہ دیش کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے ، انہیں حسن علی نے کلین بولڈ کیا۔بنگلہ دیش کی چھٹی وکٹ 115 سکور پر گری جب ساجد خان نے مہدی حسن کو ایل بی ڈبلیو کر دیا ، ساتویں بلے باز کو بھی ساجد خان نے آؤٹ کیا ، نور الحسن کا کیچ فہیم اشرف نے تھاما ۔ شاہین شاہ نے ایک بار پھر ایک ہی اوور میں دو وکٹیں گرا دیں ، لٹن داس نے 59 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے ۔ وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ، اسی اوور میں شاہین شاہ نے ابو جید کو پویلین کی راہ دکھائی ، ان کا کیچ وکٹ کیپر محمد رضوان نے تھاما ۔تیج الاسلام بنگلہ دیش کی جانب سے آؤٹ ہونے والے دسویں کھلاڑی تھے ، انہوں نےساجد خان کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھمایا ۔
دوسری اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے 5 ، ساجد خان نے 3 اور حسن علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے دوسری اننگز میں بنگلہ دیش کے 330 رنز کے جواب میں 286 رنز بنائے ، اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق نے 146 رنز کا آغاز فراہم کیا جہاں عبداللہ شفیق 52 سکور بنا کر تیج الاسلام کی گیند پر ایل بی ڈبیو ہو گئے ، اگلی ہی گیند پر اظہر علی بھی ایل بی ڈبلیو ہو کر چلتے بنے ۔ کپتان بابر اعظم بھی 10 رنز بنا کر مہدی حسن مرزا کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔ فواد عالم صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ہیں ، محمد رضوان بھی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ پاکستانی ٹیم کی چھٹی وکٹ اوپنر عابد علی کی صورت میں گری ، عابد علی نے 133 رنز بنائے ۔ حسن علی سٹیمپ جبکہ ساجد خان کیچ آؤٹ ہوئے ۔نعمان علی نے بھی 8 رنز بنائے ۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے ڈٹ کر کھیلنے کی کوشش کی ، ساتویں نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والے آل راونڈر نے 38 رنز بنائے ، فہیم پاکستان کی جانب سے آؤٹ ہونے والے دسویں کھلاڑی تھے ۔تیج الاسلام نے 7 بلےبازوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
اس سےقبل میچ کے پہلے روز بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 330 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ بنگلہ دیش کی پہلی چار وکٹیں پہلے سیشن میں ہی گر گئیں اور امید کی جارہی تھی کہ شائد بنگلہ دیش سینچری بھی بمشکل ہی بنا پائے گی۔ شادمان اسلام اور سیف حسن نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن دونوں اوپننگ بلے باز اور تیسرے نمبر پر آنے والے نجم الحسن 14، 14 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے اور پولین لوٹ گئے ۔چوتھے نمبر پر آنے والے مومن الحق بھی ٹیم کیلئے کچھ نہ کر سکے اور صرف 6 رنز بنا کر ساجد خان کی گیند پر آوٹ ہو گئے ۔
وکٹ کیپر لٹن داس اور مشفیق الرحمان نے کمان سنبھالی اور میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا، د ونوں کھلاڑی پورا دن جم کر کھیلتے رہے اور پہلے روز کا اختتام 253 رنز پر کیا ، کھیل کے دوسرے روز صبح دونوں کھلاڑیوں نے میدان میں اتر کر دوبارہ آغاز کیا لیکن لٹن داس گزشتہ روز کی طرح بیٹنگ جاری نہ رکھ سکے اور کھیل کے دوسرے اوور میں ہی حسن علی کی گیند پر 114 بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔یوں لٹن داس اور مشفیق الرحمان کی 206 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی جس نے بنگلہ دیشی ٹیم کو نئی امید دیدی ۔ ان کا بھر پور ساتھ نبھانے والے مشفیق الرحمان اپنی سینچری مکمل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے اور وہ بھی ان کے پیچھے 91 رنز پر فہیم اشرف کی گیند پر کیچ آوٹ ہو کر پولین لوٹ گئے ۔اس جوڑی کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم سنبھل نہیں پائی لیکن پھر بھی بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 330 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ ان دونوں کھلاڑیوں کے علاوہ مہدی حسن نے 38 رنز بنائے اور تیج السلام 11 رنز ہی بنا پائے۔
پہلی اننگز میں پاکستا ن کی جانب سے بہترین باولنگ کا مظاہر حسن علی نے کیا جنہوں نے 20.4 اوورز میں 51 رنز دیتے ہوئے پانچ کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی ،شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے دو دو کٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے ۔