بند فلیٹ سے کتے کے بھونکنے کی آوازیں، پولیس نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو ایسا منظر کہ  یقین کرنا مشکل ہو گیا

بند فلیٹ سے کتے کے بھونکنے کی آوازیں، پولیس نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو ایسا ...
بند فلیٹ سے کتے کے بھونکنے کی آوازیں، پولیس نے دروازہ توڑ کر دیکھا تو ایسا منظر کہ  یقین کرنا مشکل ہو گیا

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں ایک بند فلیٹ سے کتے کے بھونکنے کی آوازیں سن کر ہمسایوں نے پولیس کو اطلاع دی اور جب پولیس نے آ کر فلیٹ کا دروازہ توڑ کر دیکھا تو اندر ایسے حالات تھے کہ دیکھ کر آفیسرز کے لیے یقین کرنا مشکل ہو گیا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق برطانوی شہر سیوٹن میں واقع یہ فلیٹ جیما پلیسٹڈ نامی خاتون کا تھا، جس نے اپنے کتے کو فلیٹ میں بند کر رکھا تھا۔ اس نے کتے کے لیے ایسی خوراک وہاں رکھ چھوڑی تھی جس میں کوکین کی ملاوٹ کی گئی تھی۔ 

کتے کی خوراک میں کوکین ملانے کا مقصد یہ تھا کہ کتا اسے کھانے کے بعد سوتا رہے اور شور نہ مچائے۔پولیس کے مطابق فلیٹ کے اندر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔ ہر طرف کاٹھ کباڑ بکھرا تھا اور فرش پر بڑی مقدار میں سوئیاں بکھری ہوئی تھیں۔

کتا نشے کی زیادتی کی وجہ سے چل بھی نہیں سکتا تھا۔ وہ چلنے کی کوشش کرتا مگر لڑکھڑا کر گر جاتا۔ اسے فوری طور پر جانوروں کے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کے خون کے ٹیسٹ کرنے پر اس کے جسم میں کوکین کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ اس کی ناگفتہ بہ حالت کے پیش نظر ڈاکٹروں نے اسے انجکشن لگا کر موت کی نیند سلانے کا فیصلہ کر لیا کیونکہ اس کے روبہ صحت ہونے کا کوئی امکان نہیں تھا اور وہ سخت اذیت میں تھا۔پولیس نے کتے کی مالک جیما کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -برطانیہ -