جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین کے چیف آف سٹاف نیشنل گارڈ کی ملاقات ، کیا گفتگو ہوئی ؟تفصیلات جانئے
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے افغانستان پر عالمی اتفاق رائے پیدا کرنا ہو گا جبکہ افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بحرین کے چیف آف سٹاف نیشنل گارڈ میجر جنرل شیخ عبدالعزیزبن سعود الخلیفہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی اورسیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پربھی تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ روایتی تعلقات برقرار رکھنے کی خواہش رکھتا ہے اور بحرین سے مختلف شعبوں میں طویل المدتی اور دیرپا تعلقات چاہتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بحرین کے چیف آف سٹاف نیشنل گارڈ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا اور پاکستان کے ساتھ وسیع تر تعاون جاری رکھنے کا اظہار بھی کیا۔بحرین کے چیف آف سٹاف نیشنل گارڈ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور علاقائی استحکام کے لیے تعاون کو بھی سراہا۔