زرعی شعبے اور چھوٹے کاروباری افراد کے لئے بڑی خوشخبری ، مشیر خزانہ شوکت ترین نے بینکوں کو اہم ہدایات جاری کردیں

زرعی شعبے اور چھوٹے کاروباری افراد کے لئے بڑی خوشخبری ، مشیر خزانہ شوکت ترین ...
زرعی شعبے اور چھوٹے کاروباری افراد کے لئے بڑی خوشخبری ، مشیر خزانہ شوکت ترین نے بینکوں کو اہم ہدایات جاری کردیں
سورس: File Photo

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ بینکوں کو ہدایات کی گئیں ہیں کہ زرعی شعبے اور چھوٹے کاروباروں کو قرضے فراہم کئے جائیں کیونکہ قرضوں کی فراہمی سے ہی معیشت میں استحکام اور غربت میں کمی ممکن ہے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ اسلامی بینکنگ و فنانس کانفرنس سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ اسلامک بینکاری سود سے پاک ہے،اسلامی بینکوں کو جدت پر توجہ دینا چاہیئے،اسلامی بینکاری اس وقت 80 سے زائد ممالک میں ہے اور اسلامی بینکاری کی ترقی کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، حکومت اسلامی بینکاری کی ترقی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے تا کہ زرعی شعبے اور چھوٹے کارباریوں کو قرضے فراہم کئے جاسکیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک سیما کامل نے کہا کہ بینکس صارفین کی ضروریات پر توجہ نہیں دیتے، ہم ایسا نظام لارہے ہیں جس میں اکاؤنٹ یا بین الاقوامی بینکنگ اکاؤنٹ نمبر(آئی بی اے این) کی ضرورت نہیں ہوگی، نئے نظام میں صرف موبائل فون نمبر سے ٹرانزیکشنزکی جاسکیں گی، ڈیجیٹل بینکنگ کا مقصد صرف تنخواہوں کی ادائیگی نہیں بلکہ بینکوں کو ڈیجیٹل قرضوں کے لئے بھی کام کرنا ہے۔

ملائشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد نے آن لائن خطاب میں کہا کہ ملائشیا میں ہم نے صرف معاشی ترقی پر توجہ نہیں دی بلکہ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک منتقل کئے ، معاشی ترقی کے لئے صنعتی ترقی کو بنیاد بنایا، معیشت کو زراعت سے صنعتوں میں تبدیل کیا، ہمیں صنعتی ترقی کے لئے بیرونی سرمایہ کاری کی ضرورت تھی، اس لئے بیرونی سرمایہ کاری کے لئے بہترین انفرااسٹریکچرفراہم کیا، دیانتداری سے اسلامی بینکاری پروان چڑھ سکتی ہے۔

مزید :

بزنس -