حکومت نےپٹرولیم لیوی میں چار روپے کا اضافہ کردیا

حکومت نےپٹرولیم لیوی میں چار روپے کا اضافہ کردیا
حکومت نےپٹرولیم لیوی میں چار روپے کا اضافہ کردیا
سورس: PID

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر پٹرولیم لیوی اور جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) میں اضافہ کردیا۔

نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں چار روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد پٹرول پر پٹرولیم لیوی13 روپے 62 پیسے ہوگئی۔ حالیہ اضافے کے بعد ڈیزل پر پٹرولیم لیوی 13 روپے 14 پیسے ہوگئی۔

حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر جی ایس ٹی میں بھی اضافہ کیا ہے۔ حکومت نے پٹرول پر جنرل سیلز ٹیکس صفر سے بڑھا کر 1.63 فیصد جب کہ ڈیزل پر 7.2 فیصد سے بڑھا کر 7.37 فیصد کردیا ہے۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ ہونے معاہدے کے تناظر میں مشیر خزانہ شوکت ترین نے کچھ روز پہلے اعلان کیا تھا کہ ہر ماہ پٹرولیم لیوی میں چار روپے کا اضافہ کیا جائے گا اور اسے 30  روپے فی لیٹر تک لے جایا جائے گا۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ پٹرولیم لیوی میں اضافے کا عام صارفین پر براہ راست اثر نہیں پڑے گا کیونکہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -بزنس -