وزیراعظم کی کوئٹہ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر دھماکے کی شدید مذمت

وزیراعظم کی کوئٹہ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر ...
وزیراعظم کی کوئٹہ میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر دھماکے کی شدید مذمت

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم  شہباز  شریف نے کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں پولیو  ٹیم کی حفاظت پر مامور  پولیس  اہلکاروں کی گاڑی پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

 نجی ٹی وی چینل "جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم  شہباز شریف نے خود کش دھماکے کی مذمت  کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے پولیو کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور  پولیس اہلکار ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، شہباز شریف نے مزید کہا کہ  شرپسند عناصر ملک سے پولیو کے خاتمے کی مہم کو روکنے میں ناکام رہیں گے  ۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے واقعے سے متعلق فوری تحقیقات سمیت زخمیوں کو  بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان اور قائم مقام گورنر بلوچستان نے بھی بلیلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں ہونے والے خود کش حملے میں پولیس اہلکار اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ 23 پولیس اہلکاروں سمیت 27 افراد زخمی ہو گئے،پولیس کے مطابق خود کش دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑیاں بھی زد میں آگئی۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -