اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سفری پابندیوں کے باعث پی آئی اے اور ایوی ایشن اتھارٹی کو تقریباً 450 ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ذرائع نجکاری کمیشن کے مطابق گزشتہ ساڑھے چار برس میں پی آئی اے کو تقریباً 220 ارب روپے کا نقصان ہوا، یورپی روٹس پر پابندی کے باعث سول ایوی ایشن کو بھی 250 ارب کا نقصان ہوا ہے۔
نجکاری کمیشن ذرائع نے بتایا ہے کہ یورپی روٹس بحال ہونا پی آئی اے کی نجکاری میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا، یورپی روٹس کے بعد پی آئی اے کیلئے یوکے کے روٹس جلد بحال ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ یو کے کیلئے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے فلائی روٹس بند ہونے کا تخمینہ بھی لگایا جائے گا، پی آئی اے کی نجکاری سے قبل یوکے کیلئے روٹس بحال کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پی آئی اے کی نجکاری کیلئے جی ٹو جی معاہدے کے تحت فروخت کیلئے بات چیت بھی چل رہی ہے۔