بھارت کی پابندیاں،نیپال نے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کر لیا

بھارت کی پابندیاں،نیپال نے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کر لیا
بھارت کی پابندیاں،نیپال نے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کر لیا

  

کھٹمنڈو(آئی این پی )نیپال نے بھارت کی جانب سے تیل کی سپلائی پر پابندی عائد کرنے کے بعد تیل کی کمی پوری کرنے کے لیے چین سے تیل اور ڈیزل درآمد کرنے کا معاہدہ کر لیااور یہ پہلا موقع ہے کہ تاریخ میں نیپال بھارت کے علاوہ کسی دوسرے ملک سے تیل درآمد کرے گا اور اس معاہدے سے نئی تاریخ رقم ہوگئی ۔ نیپال آئل کارپوریشن کے افسر دیپک برل نے  کہا کہ بیجنگ میں چائنا نیشنل آئل کارپوریشن سے تیل کی درآمد کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تفصیلات کا ابھی طے ہونا باقی ہے۔یہ پہلا موقع ہوگا کہ نیپال بھارت کے علاوہ کسی اور ملک سے تیل لےگا۔

بھارت نے نیپال کو تیل مہیا کرنے پر پابندی اس وقت لگائی تھی جب نیپال میں مدھیشی برادری نے نئے آئین میں مزید حقوق کے لیے مظاہرے کیے۔مدھیشیوں کا کہنا ہے کہ نیپال کے نئے آئین میں ان کے حقوق کا مناسب خیال نہیں رکھا گیا۔ اس علاقے کی مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں نے اس کے خلاف احتجاجی تحریک چلا رکھی ہے۔بھارت کی سرحد سے متصل ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ نیپال کے نئے آئین میں ان کے حقوق کا خیال نہیں رکھا گیا ہے۔

نیپال کے بعض رہنماؤں نے اس بات پر سخت نکتہ چینی کی ہے کہ بھارت نیپال کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے اور ترائی کے علاقے میں دانستہ طور پر مظاہروں کو ہوا دے رہا ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -