شارجہ ٹیسٹ پاکستان کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے ، اظہر علی
شارجہ (آئی این پی)پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے نائب کپتان اظہرعلی نے کہا ہے کہ شارجہ ٹیسٹ پاکستانی ٹیم کیلئے بڑی اہمیت رکھتا ہے ہمارے پاس اچھا موقع ہے کہ ہم آخری ٹیسٹ جیت کر رینکنگ میں دوسرے نمبر پر آجائیں، مستقبل میں ٹیسٹ ٹیم کی قیادت ملی تو اسے اعزاز اور بہت بڑی ذمہ داری سمجھتے ہوئے نبھانے کیلئے تیار ہوں ،خواہش ہے کہ مصباح الحق ابھی اپنا ٹیسٹ کیر ئیرجاری رکھیں اور اپنی موجودہ فارم اور فٹنس برقرار رکھتے ہوئے کھیلتے رہیں۔ اپنے ایک انٹرویو میں اظہرعلی نے کہا کہ ان کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ ان کی بیٹنگ ٹیم کے کام آئے۔ وہ کوشش کرتے ہیں کہ اپنی بیٹنگ کو سادہ اور آسان رکھیں اور صورتحال کے مطابق بیٹنگ کریں انہوں نے کہا کہ اس وقت ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ انگلینڈ کو شکست دے سکے دوسرا ٹیسٹ جیتنے کے بعد تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے۔یاد رہے کہ اظہرعلی 44 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں انھوں نے نو سنچریوں اور بیس نصف سنچریوں کی مدد سے تین ہزار تین سو ترانوے رنز بنائے ہیں۔