فٹبال ورلڈ کپ،روس نے سیالکوٹ کی نجی کمپنی کو فٹبالز کی تیاری کا آرڈر دیدیا
سیالکوٹ(آئی این پی) فٹبال کی عالمی تنظیم( فیفا) نے روس میں شیڈول میگا ایونٹ کیلئے سیالکوٹ کی نجی کمپنی کو بڑے پیمانے پر فٹبالز کی تیاری کا آرڈر دے دیا ۔ فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں بھی پاکستان کے بنے ہوئے بالز استعمال ہوں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ کھیلے جانے والے کھیل فٹبال میں پاکستان ایک اوسط درجے کی ٹیم ہے، قومی ٹیم نے 68 برس کا عرصہ گزر جانے کے باوجود ورلڈ کپ میں کبھی شرکت نہیں کی اور نہ ہی کبھی عالمی رینکنگ میں ٹاپ 100 میں شمولیت نصیب ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود عوام کے لیے ہر 4 سال بعد ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے خوشخبری مل جاتی ہے کیونکہ سیالکوٹ کے بننے ہوئے فٹبال اکثر میگا ایونٹ کی زینت بن جاتے ہیں۔ گزشتہ برس برازیل میں کھیلے گئے عالمی کپ میں بھی سیالکوٹ کی نجی کمپنی کے بننے ہوئے فٹبال استعمال ہوئے تھے، اب فیفا نے روس میں شیڈول 2018 کے میگا ایونٹ کے لیے اسی کمپنی کو کئی لاکھ فٹبالز ابھی سے تیار کرنے کے آرڈرز دے دیے ہیں۔ کمپنی کے ڈائریکٹر خواجہ حسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 2014 کے فٹبال ورلڈ کپ کیلئے پاکستانی فٹبالز استعمال ہوئے اور آئندہ میگا ایونٹ میں استعمال ہونے والے فٹبالز بھی سیالکوٹ میں ہی تیار کیے جائیں گے۔