ٹیوٹا 2لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کا ہد ف حاصل کریگی

ٹیوٹا 2لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کا ہد ف حاصل کریگی

  

لاہور(کامرس رپورٹر)ٹیوٹا رواں سال کے آخر تک 2لاکھ نوجوانوں کو فنی تربیت فراہم کرنے کا ہد ف حاصل کر لے گی۔انڈسٹری کی مشاورت سے نئے کورسز کا آغاز اور فارغ التحصیل نوجوانوں کو ملکی و بین الاقوامی سطح پر خصوصی طور پر مشرق وسطی کے ممالک میں روزگار فراہم کرنا ٹیوٹا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ٹیوٹا نوجوانوں کو ہنر سیکھانے کیلئے صوبہ بھر میں ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ سسٹم کے پھیلاؤ کیلئے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔قومی معیشت کی ترقی اور صنعتی فروغ کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔سرمایہ کار، انٹرپرینیور، مینوفیکچررز اور سروس فراہم کرنے والے ادارے پاکستانی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔چیئر پرسن ٹیوٹا نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر کے25 رکنی وفدسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفد میں صدر لاہور چیمبر محمدارشد، الماس حیدر، ناصر سعید، میاں انجم نثا ، محمد علی میاں، میاں محمد اشرف، بشیر اے بخش، خواجہ شاہ زیب اکرم، شاہد حسن شیخ، فاروق افتخار، عرفان اقبال شیخ، سید محمود غزنوی، رحمت اللہ جاوید، طارق محمود، چوہدری واجد علی، زاہد مقصود بٹ، راجا عدیل، شیخ محمد فیاض، میاں زاہد جاوید، رضوان شمسی، فہیم سہگل،میاں رحمت عزیز، میاں عبدالرزاق، محمد ابراہیم، تنویر احمد، تنویر صوفی، میاں نعمان کبیر، سید مختار احمد، میاں ابوزر شاد، امجد علی جاوا، میاں شفقت علی، چوہدری ظفر اقبال، فہیم سہگل، عدنان بٹ اور محمد ارشد بیگ شامل تھے۔

چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا جواد احمد قریشی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔عرفان قیصر شیخ نے ٹیکنیکل، ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹی ویٹ)کے شعبے کی کارکردگی کے بارے میں اپنا ویژن بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیوٹا نئے شارٹ کورسز کے آغاز کیلئے مختلف آرگنائزیشنز کے ساتھ معاہدے کر رہی ہے۔ان معاہدوں کا مقصد انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق نوجوان نسل کو ماہر بنانا ہے تاکہ وہ متعلقہ انڈسٹریز میں آسانی سے روزگارحاصل کر سکیں۔ٹیوٹا آئندہ ماہ سے ٹیوٹا گریجویٹس کو اخوت کے ذریعے بغیر سود کے500 ملین روپے کے قرضے فراہم کر رہی ہے۔ یہ قرضہ نوجوانوں کو نیا کاروبار شروع کرنے اور جاری شدہ کاروبار کو وسعت دینے کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔ٹیوٹا نے نیشنل موٹر وے پولیس کے تعاون سے ڈرائیونگ کورس شروع کر دیا ہوا ہے۔

6400قیدیوں کو ایک سال کے دورا ن ہنر بنانے کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ معاہدہ کیا گیا۔10ہزار ٹیوٹا پاس آؤٹس کو رواں سال کے آخر تک مشرق وسطی بھیجا جائے گا۔پہلے مرحلے میں شاندار کامیابی کے بعد چینی لینگوئج کورس کو پورے صوبے میں پھیلانے کیلئے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ٹیوٹا نئے کورسز کے آغاز اور موجودہ نصاب کو از سر نو ترتیب دینے کیلئے انڈسٹری کی سفارشات کو مد نظر رکھے گی۔لاہور چیمبر کے صدرشیخ محمد ارشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ انڈسٹری کو ماہر افرادی قوت کی اشد ضرورت ہے۔لاہور چیمبر اور ٹیوٹا فنی تعلیم کے فروغ کیلئے درپیش خامیوں کو دور کرنے کیلئے جامع منصوبہ بندی وضع کرے گی۔لاہور چیمبر اور ٹیوٹا انڈسٹری کو ماہر افرادی قوت کی یقینی فراہمی کیلئے مشترکہ تعاون کرے گی جس سے صنعتی شعبے کو فائدہ اور برآمدات کو فروغ ملے گا۔ٹیکنیکل ٹریننگ کا نظام صنعتی ضروریات پوری نہیں کر رہا تھا مگرموجودہ انتظامیہ فنی تعلیم کے فروغ کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ لاہور چیمبر نئے کورسز اور موجودہ نصاب کی بہتری کیلئے ٹیوٹا کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

مزید :

کامرس -