ٹیکس قوانین اردو زبان میں کرنے ، انسپکٹر کے رویئے میں تبدیلی کی سفارشات تیار

ٹیکس قوانین اردو زبان میں کرنے ، انسپکٹر کے رویئے میں تبدیلی کی سفارشات تیار

  

اسلام آباد (آن لائن)ٹیکس اصلاحات کمیشن نے ٹیکس نظام کو آسان اور سہل بنانے کے ساتھ ساتھ تمام قوانین اردو زبان میں شائع کرنے اور ٹیکس انسپکٹروں کے رویئے کو تبدیل کرنے کی سفارشات تیار کر لی ہیں۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق ٹیکس نیٹ میں اصافے اور ٹیکس نظام کو آسان بنانے کیلئے بنائی جانے والی ٹیکس اصلاحات کمیشن نے اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں چھوٹے تاجروں اور تنخوادار طبقے کیلئے علیحدہ ٹیکس فارم بنانے اور ٹیکس قوانین میں علیحدہ چیپٹر شامل کرنے کی تجاویز تیار کر لی گئی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کمیسشن نے ٹیکس افسران کے موجودہ رویئے کو ٹیکس نیٹ میں کمی کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کو عزت و احترام دینے کی پالیسی اپنائی جائے۔ انکم ٹیکس قوانین کو آسان اور سہل بنایا جائے تاکہ ٹیکس گزارون کی مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق ٹیکس قوانین کو عام فہم بنانے کیلئے علیحدہ کمیٹی بنائی جائے اور کمیٹی کو 6 ماہ کی مہلت دی جائے جس میں تمام قوانین کو اردو زبان میں بنایا جائے اور ایف بی آر کی جانب سے جاری ہونے والے تمام احکامات اردو اور انگریزی زبان میں جاری کئے جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیئر برائے محصولات ہارون اختر ٹیکس اصلاحات پروگرام کو مزید تیز کرنے اور محصولات کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں جبکہ ایف بی آر میں مخصوص عزائم کے حامل بعض افسران ان اصلاحات کی مخالفت کر رہے ہیں۔

مزید :

کامرس -